کورونا وائرس،وفاقی حکومت نے ملازمین کے لیے احکامات جاری کر دیے

136

اسلام آباد(اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے کورونا کے عدم پھیلائو اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ملازمین کے لیے احکامات جاری کر دیے ہیں، 50 سال سے زاید، نزلہ زکام میں مبتلا ملازمین گھروں میں بیٹھ کر ’’سرکاری امور‘‘ آگے بڑھائیں گے، 2 ہفتوں کے لیے نادرا، پاسپورٹ اینڈ امیگریشن، سی ڈی اے کے ون ونڈو، دفاتر میں بچوں کے لیے ڈے کیئرسینٹرز سمیت دیگر تمام ایسے شعبہ جات کو بند
کر دیا گیا ہے۔ جمعہ کو وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ پاکستان کے عوام کا تحفظ اور سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے، 15 دن کے لیے حکومت نے تمام وفاقی دفاتر و ملازمین کے لیے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اہم امور سرانجام دینے کے لیے اسٹاف،افسران اپنی حاضری یقینی بنائیں گے، 50 سال یا زاید عمر کے ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نزلہ، زکام، بخار یاکسی بیماری میں مبتلا ملازمین گھر سے کام کریں، دفاتر میں ڈے کیئر سینٹرز بند رہیں گے، وہ خواتین اسٹاف و ملازمین جو کم عمر،نوزائیدہ بچوں کی مائیں ہیں انہیں گھر سے اپنے امور انجام دینے کی اجازت ہے، پبلک سروس ڈیلیوری کے تمام دفاتر بند رہیں گے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کورونا وائرس کے ممکنہ خدشات کے پیش نظر 15 دن کے لیے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، پراپرٹی دفاتر سمیت پارلرز اور بیوٹی سیلون بھی بند رہیں گے، شاپنگ مال رات 10 بجے بند کر دیے جائیں گے تاہم عوام کی سہولت کے پیشِ نظر کھانے کے ریستوران، فوڈ آؤٹ لیٹس پر ڈلیوری اور ٹیک اوے کی سہولیات میسر رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی فیصلے کے تحت نادرا، پاسپورٹ اینڈ امیگریشن، سی ڈی اے کے ون ونڈو سمیت دیگر تمام ایسے شعبہ جات جہاں لوگوں کا براہ راست عمل دخل اور ڈیلنگ شامل ہے اسے بھی ’’2 ہفتوں‘‘ کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔