جماعت اسلامی اور علما کی اپیل پر جمعہ کو یوم دعاو رجوع الی اللہ منایا گیا

115

کراچی(نمائندہ جسارت)کورونا وائرس سمیت دیگر وبائی بیماریوں سے نجات کے لیے جماعت اسلامی کی جاری رجوع الی اللہ مہم اور ممتاز علما کرام مفتی منیب الرحمن، ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر، حافظ محمد سلفی، علامہ ناظر عباس تقوی کی اپیل پر جمعہ کو کراچی تا کشمور پورے صوبے میں یوم دعا ، توبہ و استغفار منایا گیا۔ مساجد میں ملک و ملت سمیت پوری انسانیت کی خیر و برکت اور سلامتی کے لیے خصوصی دعا
ئیں کی گئیں۔ علما کرام و خطبا نے خطبات جمعہ میں عوام کو کورونا وائرس سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اور آگہی کے ساتھ اپنے گناہوں کی توبہ اور اللہ سے تعلق مضبوط کرنے پر زور دیا۔ علما کرام نے کورونا وائرس سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر عوام سے تعاون کی اپیل کی۔ علما کرام نے کہا کہ اسلام اور کلمہ طیبہ کے نام سے معرض وجود میں آنے والے ملک میں حکومتی سرپرستی میں فحاشی و عریانی، سودی نظام و لادینیت کا سیلاب ہے جو کہ اللہ کے عذاب کو دعوت دینے کے مترادف ہے اس لیے نجات کا واحد حل رجوع الی اللہ اور توبہ و استغفار ہے۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے بولٹن مارکیٹ سفید مسجد میں جمعے کے خطاب میں کہا کہ کورونا وائرس کی تباہ کاری سے آج پوری انسانیت پریشان اور خوف کے عالم میں ہے۔ کاروبار، ٹرانسپورٹ بند اور معمول کی زندگی مفلوج ہو چکی ہے۔ مہنگائی نے پہلے ہی زندگی تنگ کررکھی ہے، دوسری جانب کورونا وائرس کی صورتحال نے منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کی چاندی کردی ۔ حکومت احتیاطی اقدامات ضرور کرے مگر کورونا وائرس سے لوگوں کے اندر خوف وہراس اور لوگوں کو مساجد میں نماز پڑھنے سے نہ روکے۔ عوام کورونا وائرس سے نہیں ایک اللہ سے ڈریں، زندگی و موت خوشحالی و تنگی سب کچھ اسی کے ہاتھ میں ہے۔انہوں نے کہا کہ سودی نظام معیشت ،لادینیت اور قادیانیت نواز حکومتی پالیسیوں نے آج ملک کو اس کرب ناک آزمائش و امتحان کی صورتحال سے دوچار کردیا ہے۔ اس لیے نجات کا واحد حل گناہوں سے معافی توبہ استغفار اور رجوع الی اللہ ہے۔ دین سے جڑنے میں ہی ہماری دنیا و آخرت کی کامیابی ہے۔ آخر میں ملک و ملت سمیت پوری انسانیت کی خیر و برکت اور سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔