کوہسار اسپتال میں 100 بستروں پر مشتمل آئسولیشن وارڈ قائم کیا جارہا ہے

394

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ڈویژنل کمشنر حیدر آباد محمد عباس بلوچ نے آج ٹنڈو محمد خان روڈ پر محکمہ لیبر کے 1504 فلیٹوں میں قائم قرنطینہ مرکز اور کوہسار اسپتال میں آئسولیشن وارڈ قائم کرنے کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر حیدرآباد عائشہ ابڑو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون لیاقت علی کلہوڑو، اسسٹنٹ کمشنر لطیف آباد فراز احمد صدیقی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر مسعود جعفری سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ ڈویژنل کمشنر حیدرآباد نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پہلے فیز میں محکمہ لیبر کے 1504فلیٹوں میں سے 128فلیٹوں کو جتنی جلدی ہو سکے تمام مطلوبہ سہولیات فراہم کی جائیں جبکہ ہمارا ٹارگٹ ان تمام فلیٹوں میں یہ سہولیات فراہم کرنا ہے، کیونکہ ہم نہیں جانتے کہ ہمیں آگے کن مسائل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنی جانب سے بھرپور تیاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پوری دنیا میں حالات نارمل نہیں ہیں اور ایمرجنسی کی صورتحال ہے، لہٰذا افسران و عملہ حالات کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے اس قومی مقصد کے لیے تندہی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر لطیف آباد فراز احمد صدیقی کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ تمام متعلقہ محکموں کے ساتھ باہمی رابط رکھتے ہوئے اپنی نگرانی میں قرنطینہ سینٹر کے تمام فلیٹوں میں پانی، بجلی، پنکھے و دیگر سہولیات کی فراہمی کو جلد از جلد ممکن بنائیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران و عملے کو سخت ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ 24گھنٹے قرنطینہ سینٹر میں سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنے فرائض انجام دیں اور جتنی جلدی ممکن ہوسکے کام مکمل کریں۔ بعد ازاں انہوں نے کوہسار اسپتال کا دورہ کیا جہاں 100 بستروں پر مشتمل آئسولیشن وارڈ قائم کیا جارہا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے اسپتال انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ آئسولیشن وارڈ کے ضمن میں تمام تر ضروری انتظامات مکمل کریں اور اسٹاف کی تربیت کو بھی یقینی بنائیں۔