سندھ حکومت اور پی پی کے منتخب نمائندے عوام کی ساتھ ہیں، رفیق جمالی

155

میہڑ (نمائندہ جسارت) کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے مقررہ دادو ضلع کے لیے فوکل پرسن اور پی پی ضلع دادو کے صدر ایم این اے رفیق احمد جمالی، ڈپٹی کمشنر دادو راجا شاہ زمان کہڑو ایس ایس پی دادو ڈاکٹر فرخ رضا ملک اسسٹنٹ کمشنر میہڑ غلام شبیر رند کی قیادت میں میہڑ شہر میں فلیگ مارچ عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی۔ اس موقع پر ایم این اے رفیق جمالی نے نیشنل پریس کلب میہڑ کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی پی چیئرمن بلاول زرداری کے حکم پر سندھ حکومت اور پی پی کے منتخب نمائندے عوام کی ساتھ ہیں، جلد صورتحال بہتر ہوگی جبکہ فلیگ مارچ کے دوران فوکل پرسن ایم این اے سردار رفیق جمالی اور ڈپٹی کمشنر دادو راجا شاہ زمان کہڑو بھی ماسک نہیں پہنے ہوئے تھے۔ فلیگ مارچ میں آئے لوگوں نے ماسک دینے کا کہا تو ماسک دینے سے انکار کردیا، اس کے بعد رہنماؤں نے تہرڑی محبت رادہن اور دیگر شہروں میں فلیگ مارچ کر کے تحصیل اسپتال میہڑ کا دورہ کیا، کورونا وائرس کے متعلق مقرر فوکل پرسن ڈاکٹروں کی ٹیم سے میٹنگ کی۔ یاد رہے کہ کورونا وائرس کے باعث میہڑ پولیس اور میہڑ انتظامیہ کی جانب سے ہوٹل، مارکیٹ، شاپنگ سینٹر سمیت کاروباری مراکز کی تالا بندی کی گئی۔ کاروبار بند ہونے سے روز مرہ کی اشیا کی چیزوں سمیت پھلوں کے دام آسمان کو چھونے لگے۔ دوسری طرف گاؤں اسحاق سولنگی کے گاؤں والوں نے جمعہ نماز کے بعد قرآن پاک اٹھا کر گاؤں میں گھمایا اور گاؤں کے چاروں اطراف اذان دے کر اللہ کا ذکر کیا۔ آخر میں کورونا وائرس اور دیگر بیماری سے پناہ کے لیے دعا مانگی گئی۔