کورونا وائرس سے بچائو کیلئے جراثیم کش اسپرے روزانہ کئے جائیں،طیب حسین

435

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) میئر حیدر آباد سید طیب حسین نے کورونا وائرس کے پھیلائو کی روک تھام اور حفاظتی تدابیر کے سلسلے میں حکومتی ہدایت پر کیے جانے والے اقدامات کے حوالے سے حیدر آباد کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کورونا وائرس ایک وبا ہے اور جو اس وقت تقریباً پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے چکی ہے اور جب کبھی کہیں کوئی وبا پھیل جاتی ہے تو وہاں حالت جنگ کی صورتحال پیدا ہوجاتی ہے جس سے نبرد آزما ہونے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر مفاد عامہ میں کچھ اقدامات کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے دیگر ممالک کی طرح وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے بھی کورونا سے بچائو کی احتیاطی و حفاطتی تدابیر کے ضمن میں کچھ ایمرجنسی اقدامات کیے ہیں جن پر عملدرآمد کرانا ضلعی اور شہری اداروں کی ذمے داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی اور شہری ادارے ان اقدامات پر اسی صورت عملدرآمد کراسکتے ہیں جب انہیں اپنے عوام کا تعاون حاصل ہو کیونکہ عوام کے بہتر تعاون و مدد کے بغیر نہ تو جنگیں جیتی جاسکتی ہیں اور نہ ہی کسی مصیبت و وبا سے نبرد آزما ہوا جاسکتا ہے، لہٰذا اس مشکل گھڑی میں ایک ایک شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے شہر بھر کی تمام مذہبی، سیاسی، سماجی، تجارتی انجمنوں اور تمام شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ انتظامی اداروں کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات پر عمل کرکے روایتی تعاون اور اتحاد کا مظاہرہ کریں۔ گلیوں، چوکوں پر بیٹھکیں لگانے اور اجتماعات منعقد کرنے سے گریز کریں۔ اپنے بچوں کو گھروں میں رکھیں، ماسک کا استعمال کریں اور دیگر شہریوں میں بھی اس آگاہی کو عام کریں۔ انہوں نے کہا کہ بلدیہ اعلیٰ سمیت تمام منتخب نمائندے عوام میں آگاہی کے ساتھ ساتھ اپنے اپنے علاقوں میں اس سے بچائو کے سلسلے میں عملی اقدامات کررہے ہیں۔ شہر میں صفائی ستھرائی کے عمل کو تیز اور یقینی بنایا جارہا ہے جبکہ جراثیم کش ادوایات کا اسپرے بھی شہر ولطیف آباد کے مختلف علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر کیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ بلدیہ اعلیٰ کے شعبہ میڈیکل کو بھی بلدیہ کے اسپتالوں میں کورونا سے متعلق ایمرجنسی اقدامات مکمل کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہم سب مل کر اس وبا سے اپنے شہر اور شہریوں کو محفوظ رکھنے میں کامیاب ہوں گے۔