بدین عمرہ زائرین میں کورونا وائرس کا شبہ معائنے کے بعد کلیئر

901

بدین (نمائندہ جسارت) بدین کے شہر کڈھن میں سعودی عرب سے واپس آنے والے ایک گھر کے سات افراد میں سے ایک کو کورونا وائرس کا شبہ، ڈاکٹروں کی ٹیم نے کڈھن پہنچ کر چیک آپ کے بعد مریض کو کلیئر کیا، چودہ روز بعد دوبارہ چیک اپ کرانے کی ہدایت۔ بدین کے کڈھن شہر سے تعلق رکھنے والے خاندان کے سات افراد جو ایک ہفتہ قبل عمرہ کی سعادت کے بعد سعودی عرب سے واپس پاکستان پہنچے تھے۔ مذکورہ خاندان کے دو افراد بخار اور کھانسی میں مبتلا بچے کو اپنے ہمراہ لے کر کڈھن کے سرکاری ہیلتھ سینٹر پہنچے جہاں پر موجود ڈاکٹر نے چیک اپ کیا اور سفری ہسٹری معلوم کی، مقامی رورل ہیلتھ سینٹر کے ڈاکٹر شجاع خواجہ کے مطابق مریض کو بخار اور کھانسی کے باعث کورونا وائرس کے شبہ کی تصدیق اور تشخص کے لیے مریض کو مزید ٹیسٹ کے لیے انڈس اسپتال منتقل کرنے کا مشورہ دیا اور کوشش کی گئی پر وہ لوگ یہ کہ کر کہ ہمارے ساتھ عمرہ سے واپس آنے والوں میں تین خواتین بھی ہیں جو گھر پر ہیں، اس لیے ہم ابھی گھر جارہے ہیں۔ متاثرہ شہری انڈس اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں منتقل ہونے کے بجائے گھر چلے گئے۔ مقامی ڈاکٹروں نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کو صورتحال سے آگاہ کردیا جس کے تین گھنٹے بعد انتظامیہ حرکت میں آئی اور کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے تشکیل موبائل ٹیم کو کڈھن شہر روانہ کیا، جہاں پر ڈاکٹروں کی ٹیم نے بچے سمیت سعودی عرب سے واپس آنے والے افراد کے ضروری چیک اپ اور ہسٹری معلوم کرنے کے بعد مریض کو دوبارہ چودہ دن مکمل ہونے پر چیک اپ کرانے کا پابند کیا۔ دوسری جانب سعودی عرب سے عمرہ کی سعادت سے واپس آنے والے خاندان کے سربراہ جو کہ مقامی کونسلر بھی ہیں نے بتایا کہ پاکستان واپسی پر ایئر پورٹ پر چیک اپ کا کوئی انتظام نہیں تھا اور نہ ہی کسی کا کوئی ٹیسٹ یا چیک اپ کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز ضلعی انتظامیہ کے قائم کورونا وائرس سیل کے فوکل پرسن نے بتایا تھا کہ پاکستان واپس آنے والے تمام 34 افراد کے مکمل ٹیسٹ کیے گئے ہیں اور نو افراد اس وقت سکھر کے کورونا سینٹر میں داخل ہیں۔