میرپورخاص،بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری،شہری بے حال

331

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) کورونا وائرس الرٹ، شہر میں لاک ڈاون، شادی ہالز، شاپنگ سینٹر، بازار اور ہوٹل بند، شہری گھروں میں قید، لاکھوں یونٹ بجلی کی بچت مگر غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری، گھروں میں قید عمر رسیدہ افراد، خواتین اور بچے پریشان، شہر بھر میں اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری۔ کورونا وائرس کی وجہ سے میرپور خاص، میرواہ گورچانی، ٹنڈو جان محمد سمیت دیگر شہروں میں مکمل طور پر لاک ڈائون ہے، بڑے بڑے شادی ہال، شاپنگ سینٹر، بازار اور ہوٹل مکمل طور پر بند پڑے ہیں مگر حیسکو میرپور خاص نے اس صورت حال کے باوجود کہ شہر میں لاک ڈائون سے یومیہ حیسکو کو لاکھوں یونٹ کی بچت ہورہی ہے۔ اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے ساتھ ساتھ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ شاپنگ سینٹر، بازاروں اور دیگر کاروبار زندگی بند ہونے کی وجہ سے شہری گھروں میں رہنے پر مجبور نظر آتے ہیں، مگر حیسکو میرپور خاص نے اس تمام صورتحال کو ایک جانب رکھتے ہوئے ضلع بھر میں اور خاص طور پر میرپور خاص شہر کے علاقوں سیٹلائٹ ٹائون، ٹور آباد سمیت دیگر علاقوں میں اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے ساتھ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا نہ رکنے والا سلسلہ جاری کر رکھا ہے۔ شہریوں اور خاص کر عمر رسیدہ افراد سمیت خواتین اور معصوم بچے شامل ہیں، انہیں شدید اذیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ واضح رہے کہ ہر ماہ حیسکو میرپور خاص کی جانب سے اطلاع فراہم کی جاتی ہے کہ معمول کے مطابق حیسکو پرانی، بوسیدہ بجلی کی لائنوں کو درست کررہی ہے، جس کی وجہ سے مسلسل تین روز تک صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک بجلی کی بندش کی جاتی ہے اور اب غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے عوام کو پریشان کیا جارہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو ہم گھروں میں نہیں سٹرکوں پر نکل کر حیسکو کیخلاف بھرپور احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے کیوں کہ حیسکو عوام کو گھروں میں نہیں سٹرکوں پر دیکھنا چاہتا ہے۔