حیدرآباد۔جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر مچھروں کی بہتات ،شہری پریشان

555

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) جے یو پی (نورانی) ضلع حیدر آباد کے جنرل سیکرٹری محمد رضوان شیخ نے کہا ہے کہ حیدر آباد شہر میں صفائی و ستھرائی کی ابتر صورتحال نے کورونا وائرس کو بھی شرما دیا ہے، جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر، ابلتے گٹر، ٹوٹی پھوٹی سڑکوں، آوارہ کتوں کی بھرمار اور مچھروں کی بہتات کو شہر حیدر آباد کا مقدر بنادیا گیا ہے۔ ماہانہ 5 لاکھ روپے فنڈ وصول کرنے والے چیئرمینز صرف اپنی تجوریاں بھرنے میں لگے ہوئے ہیں اور کوئی پوچھنے والا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر خدانخواستہ شہر ولطیف آباد کے گنجان آبادی والے علاقوں میں کورونا کی وبا پھیلی تو بڑی تباہی ہوگی۔ میئر حیدر آباد عملی اقدامات کریں، فی الفور شہر ولطیف آباد میں جنگی بنیادوں پر صفائی ستھرائی کی جائے۔ گندگی کے ڈھیروں کو اٹھایا جائے، آوارہ کتوں کو ٹھکانے لگایا جائے، مچھر مار اسپرے کیا جائے، سڑکوں اور گلیوں کی تعمیرات کی جائے۔ عوام میں فیس ماسک مفت تقسیم کیے جائیں۔ انہوں نے حکومت سندھ سے بھی مطالبہ کیا کہ بھٹائی اسپتال اور سندھ گورنمنٹ اسپتال میں آئسولیشن وارڈز بنائے جائیں، عوام کی رہنمائی کے لیے پھلیلی پریٹ آباد، لیاقت کالونی، اسلام آباد، لطیف آباد نمبر 10، 11 اور دیگر گنجان علاقوں میں آگاہی کیمپ لگائے جائیں۔