کھانسی، زکام اور بخار کی صورت میں ماسک کا استعمال کیا جائے، عبدالوحید شیخ

113

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) ڈویژنل کمشنر میرپورخاص عبدالوحید شیخ نے کہا ہے کہ لوگوں کو اپنی صحت کے ساتھ ساتھ دوسروں کی صحت کا بھی خیال رکھنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر میرپورخاص ڈاکٹر مشتاق شاہ، ایس ایس پی میرپور خاص جاوید بلوچ اورمتعلقہ افسران سے اپنے دفتر میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کی ہدایات پرمکمل عملدرآمد کرانے کے لیے بھرپورکوشش کی جارہی ہیں۔ انہوں نے ایس ایس پی کو ہدایت کی کہ تحصیل کے اسسٹنٹ کمشنروں کے ساتھ ڈی ایس پیز کو مارکیٹوں کے دورے کراکر صورتحال سے آگاہ کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ اسپتالوں اور آئسولیشن سینٹروں کے دورے کرکے انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ اس موقع پر کمشنر نے عوام کو پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ کھانسی، زکام اور بخار کی صورت میں ماسک کا استعمال کیا جائے۔ سبزی مارکیٹ، فروٹ مارکیٹ، میڈیکل، یوٹیلیٹی و جنرل اسٹور، بیکری، دودھ دہی اور کریانہ کی دکان پر کام کرنے والوں کو چاہیے کہ وہ ماسک اور ہینڈ گلوز کا استعمال کریں۔ انہوں نے یوٹیلیٹی اسٹوروں کے انچارجز کو ہدایت کی ہے کہ عوام کی سہولت کے لیے یوٹیلیٹی اسٹورز شام 5 بجے کے بجائے رات 9 بجے تک کھلے رکھے جائیں، انتظامیہ کی جانب سے مکمل پولیس سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔ آئسولیشن سینٹر کے ڈسٹرکٹ فوکل پرسن ڈاکٹر دلبر مری نے بتایا کہ ضلع میں تحصیل سطح پر 8 آئسولیشن سینٹرز قائم کیے گئے ہیں، جہاں 8 فوکل پرسن بھی مقرر کیے گئے ہیں۔ ایران اور چین سے آنے والوں کو ان کے گھروں میں 14 روز تک مکمل چیک اپ کیا جائے گا، کھانسی، زکام اور بخار کی صورت میں ان کو آئسولیشن سینٹر میں منتقل کیا جائے گاا اجلاس میں انجمن تاجران کے صدر انیس الرحمن شیخ اور جنرل سیکرٹری امین میمن نے انتظامیہ سے مکمل تعاون کرنے کا یقین دلایا۔