جھڈو، اشیا خورونوش کے علاوہ تمام کاروبار بند، شہر میں ہو کا عالم

149

جھڈو (نمائندہ جسارت) حکومت سندھ کے کورونا ایمرجنسی کے تحت کیے گئے اقدامات کے طور پر جھڈو اور نواحی علاقوں میں دن بھر اشیا خورونوش کی دکانوں کے علاوہ بقیہ تمام کاروبار، دکانیں اور مارکیٹیں بند رہیں اور شہر میں ہو کا عالم رہا۔ شہریوں نے حفاظتی نقطہ نظر کے تحت گھروں میں رہنے کو ترجیح دی، جبکہ دوسری جانب ہر طرح کا پبلک ٹرانسپورٹ بھی بند رہا، جس سے مسافروں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ نجی ٹرانسپورٹ نے مسافروں سے منہ مانگے کرایے وصول کیے۔ شہر میں صبح کے اوقات میں چند دکانداروں نے اپنی دکانیں کھولیں، جسے پولیس نے زبردستی بند کروا دیا۔ اسسٹنٹ کمشنر جھڈو آصف خاصخیلی نے شہر کا دورہ کیا اور صورت حال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر کھلنے والی ہارڈ ویئر، شوز، مرچنٹ اور کپڑے کی پانچ دکانوں پر احکامات کی خلاف ورزی کے الزام میں 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔ علاوہ ازیں دکانوں، مارکیٹوں، ہوٹلوں اور اجناس کی دکانوں پر یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدورں کی بڑی تعداد بے روزگار ہوگئی ہے۔ اس کے علاوہ دکانوں کی بندش سے گھروں اور عمارتوں کا تعمیراتی کام بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔ تعمیراتی صنعت سے مزدوروں کا بہت بڑا طبقہ وابستہ ہے، جس سے بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے۔ متاثرہ دیہاڑی دار طبقے کا کہنا ہے کہ ایک دو روز تو جیب سے خرچ کرکے گزارہ کرلیں گے لیکن چند روز بعد مانگ کر کھانا پڑے گا، اس لیے حکومت ان کے لیے راشن کا بندوبست اور ریلیف پیکیج کا اعلان کرے۔