معاشرے اور پنے ملک کی اصلاح کے لیے سب کو قدم بڑھانا ہوگا

185

سکھر (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی ضلع سکھر کی جانب سے رجوع الی اللہ مہم کے سلسلے میںجمعہ کے روز یوم استغفار و دعا منایا گیا، امیر ضلع سکھرمولانا حزب اللہ جکھرو نے جامع مسجد بیت المکرم میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کی رجوع الی اللہ مہم موجودہ صورتحال میں نہایت اہمیت و ضرورت اختیار کر چکی ہے،کیونکہ دیگر ممالک کی طرح ہمارا وطن پاکستان بھی کورونا وائرس کی وبا سے متاثر ہوا ہے، تمام امراض اور انکی شفا اللہ تعالی کے ہاتھوں میں ہے،ہمیںاپنے رب کی رضا کے آگے سر جھکا کررجوع الی اللہ اور توبہ و اِستغفار کا ہی راستہ اختیار کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اپنی ذات، گھر، محلہ، معاشرے اور پنے ملک کی اصلاح کے لیے سب کو قدم بڑھانا ہوگا اور عزم کرنا ہوگا کہ جھوٹ، ملاوٹ، ذخیرہ اندوزی، گراں فروشی، ظلم وزیادتی، ناانصافی، سود سمیت غیر اسلامی قانون و روایات اور جہالت کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ پاک کی گرفت سخت ہے، آج کورونا وائرس کے سامنے دنیا بے بس نظر آرہی ہے، نا کسی کا جسم اورنا کسی کی مرضی چلتی ہے، ہمارا جسم ہمارا جینا مرنا سب اللہ تعالی کے لیے ہے۔ انہوںنے کہا کہ جماعت اسلامی ملک بھر میں رجوع الی اللہ مہم کے زریعہ قوم کو رب کی رضا مندی و خوشنودی کی جانب پلٹ آنے کی دعوت دے رہی ہے۔ ہمارے مسائل کا حل اسلامی تعلیمات میں ہے، قوم انفرادی اور اجتماعی طور توبہ استغفار کر کے رب کو راضی کر ے۔