بغیر سیفٹی ڈاکٹر اور مریض دونوں میں وائرس پھیل سکتا ہے، ینگ ڈاکٹرز

225

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ٹھٹھہ نے کورونا وائرس کے ممکنہ مریضوں کی موجودگی کا امکان ظاہر کردیا، سول اسپتال ٹھٹھہ کو بھی خطرے سے پاک نہیں کہہ سکتے، مریضوں کے ساتھ ایک یا دو بندوں کے علاوہ زیادہ لوگ اسپتال آنے سے گریز کریں۔ انتظامیہ نے دو دن کے اندر سیفٹی کٹس فراہم نہ کیں تو احتجاجاً اسپتال بند کردیں گے، کیونکہ بغیر سیفٹی ڈاکٹر اور مریض دونوں میں وائرس پھیل سکتا ہے۔ ڈی ایچ او ٹھٹھہ ڈاکٹر حنیف میمن، سول سرجن ٹھٹھہ سید سکندر علی شاہ، مرف انتظامیہ اور وائی ڈی اے ڈاکٹر عابد شفیع، ڈاکٹر ذوالفقار، ڈاکٹر شیر محمد میمن، ڈاکٹر شیام کمار، ڈاکٹر حنیف میمن سمیت سیکڑوں ڈاکٹروں کے درمیان اجلاس سخت کشیدگی کے بعد بغیر نتیجے کے ختم۔ سول اسپتال ٹھٹھہ میں کام کرنے والے ڈاکٹر، پیرا میڈکس عملے، لیب اسٹاف، نرسز سمیت لوئر اسٹاف، سیفٹی کٹس، ماسک، ہینڈ گلوو سے محروم، اسپتال کے واش روم تک میں ڈیٹول، صابن موجود نہیں، تمام وارڈ گندگی کے ڈھیر میں تبدیل، ڈاکٹروں نے شدید تحفظات کا اظہار کردیا۔ ڈی ایچ او ٹھٹھہ ڈاکٹر محمد حنیف میمن نے کہا کہ مشکل وقت ہے، فیس ماسک، ہینڈ گلو اور سیفٹی کٹ کورونا وائرس کو نہیں روک سکتا، اسی لیے اسپتال عملہ اپنا کام جاری رکھے۔ دوسری جانب پاکستان پیرا میڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن کے صدر انور جاکھرو، عطا ناریجو سمیت سیکڑوں یونین ملازمین نے اسپتال میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے سہولیات نہ ملنے کیخلاف ایمرجنسی وارڈ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا، جبکہ اسی دن سول اسپتال کے ڈینٹل ڈپارٹمنٹ کے فوکل پرسن ڈاکٹر شیام کمار، سول سرجن سکندر شاہ اور صحافی گل حسن جاکھرو و دیگر نے اسپتال میں داخل مریضوں کو دانتوں کی صفائی کے بارے میں آگاہی، مفت پیسٹ اور برش دیے۔