افغانستان میں15سو امریکی فوجی قرنطینہ منتقل

107

واشنگٹن( آن لائن ) امریکا نے افغانستان میں موجود نئے فوجیوں کی نقل و حرکت کو اتنہائی محدود کرتے ہوئے 15سو فوجیوں کو قرنطینہ کردیا۔امریکی کمانڈر کی ہدایت پر دیگر ممالک سے افغانستان آنے والے امریکی شہریوں کو بھی قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔امریکی کمانڈر کے فیصلے کے بعد افغانستان میں پہلے سے موجود فوجیوں کی تعیناتی میں توسیع کا امکان ہے تاکہ مشن جاری رہ سکیں۔یہ اعلان ایسے وقت
سامنے آیا ہے جب امریکا اور طالبان کے مابین گزشتہ ماہ طے پانے والے امن معاہدے کے ایک حصے کے طور پر واشنگٹن افغانستان سے اپنی فوج کی موجودگی کو کم کرنے کا پابند ہے۔اپنے ٹوئٹ میں امریکی جنرل اسکاٹ ملر نے کہا کہ فوج نے ملک میں پہنچنے والے اہلکاروں کے لیے اسکریننگ کا نیا طریقہ کار شروع کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک ہفتہ میں مختلف ممالک سے افغانستان جانے والے تقریبا 15 سو فوجی، شہری اور ٹھیکیدار اسکریننگ سینیٹر (قرنطینہ)میں رہیں گے۔امریکی جنرل نے کہا کہ بیشتر فوجیوں کی افغانستان میں نئی تعیناتی ہے یا پھر چھٹی سے واپس آرہے ہیں اور انہیں احتیاط کی وجہ سے قرنطینہ میں رکھا گیا اس لیے نہیں کہ وہ بیمار ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ امریکا کے اتحادی اہلکاروں اور ٹھکانوں تک رسائی کو بھی محدود کررہا ہے۔