بھارت کی جانب سے انسانی معاملے کو سیاسی رنگ دینا شر انگیز ہے،ترجمان دفتر خارجہ

162

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان نے بھارت کی جانب سے15 مارچ کو سارک رکن ممالک کے کوڈ۔19 وڈیو کانفرنس میں وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کے ریمارکس کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کی کوششوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے اس انسانی معاملے کو سیاسی رنگ دینا انتہائی گمراہ کن اور شرانگیز ہے۔ جمعے کو ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ وزیر مملکت ڈاکٹر ظفر مرزا نے وڈیو کانفرنس میں کورونا وائرس کے تناظر میں مقبوضہ کشمیر میں ہیلتھ ایمرجنسی کی طرف توجہ دلائی تھی اور مواصلات پر عاید پابندی ہٹانے اور طبی سہولیات کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔ ترجمان نے کہا کہ صرف پاکستان نہیں بلکہ درحقیقت مقبوضہ کشمیر، بھارت کے اندر اور تمام دنیا سے اس طرح کی آ وازیں اُٹھ رہی ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ سارک وڈیو کانفرنس میں
شرکت کا مقصد سارک رکن ممالک کے ساتھ اظہار یکجہتی اور سارک پروسیس کے ساتھ اپنی وابستگی کا اعادہ کرنا تھا۔ ترجمان نے کہا کہ جنوبی ایشیا کے عوام اس بات سے بخوبی آگاہ ہیں کہ کونسا ملک سارک پروسیس کو سیاسی رنگ دینا اور اس میں رکاوٹ بننا چاہتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ جنوبی ایشیا ئی ممالک کے مشترکہ مسائل کے حل کے لیے جنگ کی جائے‘ ان اجتماعی کوششوں کو بھارت کے ذاتی مفادات کی بھینٹ چڑھنے کی اجازت نہیں دینا چاہیے۔