حکومت، اپوزیشن ملکر قوم کو کورونا کی مشکل سے نکالیں‘فضل الرحمن

155

اسلام آباد (صباح نیوز) جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ مشکل گھڑی میں اپوزیشن کی تمام جماعتیں اور حکومت مل کر قوم کو کورونا وائرس کی مشکل سے نکالیں‘مشکل گھڑی میں حکومت کا فرض تھا کہ وہ قوم کو متحد رکھنے کے لیے عملی اور مخلصانہ اقدام کرتی‘ اسلام آباد پہنچ کر جلد اس بارے میں متفقہ لائحہ عمل تیار کریں گے۔ انہوں نے اپیل کی ہے کہ جے یو آئی (ف) اور اپوزیشن کی تمام جماعتوں کے کارکنان مقامی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور عوام الناس میں کورونا وائرس کے متعلق آگاہی مہم چلائیں۔ مولانا فضل الرحمن نے تمام مساجد کے خطبہ، مدارس کے مہتمم اور علما کرام سے
درخواست کی کہ وہ تمام احتیاطی تدابیر کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ جمعے کو ڈیرہ اسماعیل خان سے جمعیت علما اسلام کے مرکزی ترجمان اور سابق پارلیمنٹرین حافظ حسین احمد سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ عوام کو اس وبا سے محفوظ رکھا جائے اور اس حوالے سے تمام تر اقدامات میں جمعیت علمائے اسلام اور اپوزیشن کی تمام جماعتیں تعاون کریں گی۔