چین سے800وینٹی لیٹرز جلددرآمد کریں گے،چیئر مین این ڈی ایم اے

158

اسلام آباد(صباح نیوز)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)کے چیئرمین لیفٹننٹ جنرل محمد افضل نے کہا ہے کہ بڑے اسپتالوں میں ایک ایک وارڈ کو بطور آئسو لیشن وارڈ کے لیے مختص کردیا گیا ہے۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ اس وقت پوری دنیا میں وینٹی لیٹرز کی کمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے ممالک نے وینٹی لیٹرز کے لیے ایک ایک سال کی بکنگ کرائی ہوئی ہے، ہمارے پاس پورے ملک میں1700وینٹی لیٹرزہیں ۔ چین سے مزید800وینٹی
لیٹرز درآمد کریں گے۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے اس ضمن میں چین کے سفیر کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم نے ان کی مدد سے800وینٹی لیٹرز کی بکنگ کرالی ہے۔چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ اس وقت ایک لاکھ ماسک پشاور اور50ہزار بلوچستان میں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 12 ملین ماسک اسلام آباد، لاہور اورکراچی میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین سے30ہزار تھرمو گنز درآمد کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک لاکھ پی سی آر ٹیسٹنگ کٹس منگوائی جا رہی ہیں۔چیئرمین این ڈی ایم اے نے بتایا کہ اسپتالوں میں کام کرنے والوں کے لیے 2 ہزار این -95 ماسک بھی آرڈر کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک کٹس سے کم سے کم90ٹیسٹ ہوسکتے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ ملک میں کورونا کے حوالے سے9 اسپتال قائم کر لیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں1600بستروں کی جگہ بنا دی ہے۔