ماسک قلت پر سیکرٹری صحت سندھ اور کمشنرکراچی کا جواب جمع

197

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ اور ملک میں ماسک کی قلت کے خلاف درخواست سے متعلق سیکرٹری صحت اور کمشنر کراچی کے جواب پر درخواست گزار سے جواب الجواب طلب کرلیا۔ جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس یوسف علی سعید پر مشتمل 2 رکنی بینچ کے روبرو درخواست کی سماعت ہوئی۔ سیکرٹری صحت سندھ نے بتایا کہ سرجیکل ماسک کا 5 لاکھ 50 ہزار سے زاید اسٹاک موجود ہے‘ اس اسٹاک کے علاوہ ماسک تقسیم بھی کیے گئے ہیں۔ درخواست گزار نے موقف دیا
کہ میڈیا پر خبریں چل رہی ہیں ماسک اور سینیٹائرزر نہیں مل رہے۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے موقف دیا کہ ایک لاکھ 10ہزار ماسک تقسیمکیے گئے ہیں‘ ٹھٹھہ، سجاول اور دیگر شہروں کا جائزہ بھی لے رہے ہیں۔ سیکرٹری صحت اور کمشنر کراچی کی جانب سے جواب جمع کرادیا گیا۔ عدالت نے درخواست گزاروں سے سیکرٹری صحت اور کمشنر کراچی کے جواب پر جواب الجواب طلب کرلیا۔