ملک بھر میں کورونا سے احتیاط اور شعور بیدار کرنے کے موضوع پر جمعہ کے خطبات

177

لاہور (نمائندہ جسارت) مرکزی علماء کونسل پاکستان کی اپیل پر ملک بھر میں کورونا وائرس سے کے حوالے سے شعور بیدار کرنے اور احتیاطی تدابیر کے موضوع پر جمعہ کے خطبات دیے گئے۔ علماء ،خطباء نے جمعہ کے خطبات میں عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اللہ پر توکل، ذکر و اذکار، عبادت اور انفرادی و اجتماعی طور پر اپنے گناہوں کی معافی مانگنی چاہیے۔ آج مشرق و مغرب میں خوف اور دہشت کا عالم ہے۔ اس خوف اور دہشت کو امید اور یقین میں بدلنے کے لیے رجوع الی اللہ کی اشدضرورت ہے۔ خوف وہراس کی صورتحال سے نکلنے کے لیے اللہ تعالیٰ سے اپنا تعلق مضبوط کیا جائے۔ حضور اکرم ؐکی سنتوں کو زندہ کیا
جائے۔دین اسلام پاکیزگی و طہارت کا درس دیتا ہے اسی لیے تو صفائی و پاکیزگی کو نصف ایمان کہا گیا ہے۔عوام کوکورونا وائرس سے خوفزدہ اور دہشت زدہ ہونے کی بجائے اپنے جسم و جان کو پاک صاف اور اپنے ارد گرد کے ماحول کو بھی صاف ستھرا رکھنے کی طرف توجہ دیں۔ مرکزی علماء کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی ،مرکزی علماء کونسل پاکستان کے سیکرٹری جنرل مولانا محمد شاہ نواز فاروقی ،وائس چیئرمین مولانا عبید الرحمن ضیا ،مولانا یار محمد عابد ، مولانا شبیر احمد عثمانی،مفتی حفظ الرحمن بنوری سمیت دیگر مرکزی و صوبائی اور ضلعی رہنمائوں نے جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ احتیاطی تدابیر کے ساتھ رجوع الی اللہ بھی ضروری ہے۔ اپنی زندگیوں کو اسلامی تعلیمات کے مطابق گزارنے کا عہد کریں۔ حکومت کورونا وائرس سے متعلق خوف وہراس پھیلانے والوں کیخلاف سخت ایکشن لے۔ چیئرمین مرکزی علماء کونسل پاکستان صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے عوام کی رہنمائی کے لیے مرکزی علماء کونسل پاکستان منبر ومحراب کے ذریعے اپنا کردار اداکررہی ہے۔ پاکیزہ زندگی ہی وباؤں سے نجات کا ذریعہ بن سکتی ہے۔