کورونا کا مقابلہ کرنے کے لیے سب متحد ہو جائیں، چانڈیو

209

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی ترجمان سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ پارٹی چیئرمین بلاول زرداری نے کورونا سے نمٹنے کے لیے ایک قومی لائحہ عمل دیا ہے، ان کے سیاسی وژن نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے وہی ایک حقیقی قومی رہنما ہیں۔ ایک ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ ظرف بلاول زرداری کا ہی ہے کہ وہ بحرانوں کو سیاسی مخالفوں کے خلاف استعمال نہیں کرتے، تحریک انصاف کی حکومت اور ان کے وزرامیں نہ ایسا جذبہ ہے نہ ان کا ایسا ظرف ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاست اپنی شکل بگاڑ کر مخالفوں کی نقلیں اتارنے کا نام نہیں ، سیاست عوام دوستی اور وطن پرستی کا نام ہے۔مولابخش
چانڈیو نے کہا کہ ہم کسی پر کیچڑ پھینک کر یا نقلیں اتار کر سیاست کرنے والی جماعت نہیں ہیں، ملک و قوم کا مفاد اسی میں ہے کہ سب کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے لیے متحد ہو جائیں۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے چیئرمین کی دی ہوئی پالیسی لائن پر عمل کرتے ہوئے عوام میں کورونا سے نمٹنے کا شعور اجاگر کریں گے۔ مولابخش چانڈیو نے کہا کہ ہم سیاست تو کریں گے مگر ہماری اولین ترجیح قوم کو اس وبا سے نجات دلانا ہے۔