برآمد کنندگان کے مسائل کے حل کیلیے کوشاں ہیں ،حفیظ شیخ

167

اسلام آباد(اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے برآمد کنندگان کو مسائل کے حل کا یقین دلاتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ری پیمنٹس کی مد میں برآمد کنندگان کی رقم کو ایک روز بھی اپنے پاس رکھنے کی خواہش نہیں رکھتی اور نہ ہی ایسی کوئی پالیسی ہے،برآمد کنندگان کے مسائل کو حل کرنے اور انہیں ڈرا بیک اور جی ایس ٹی ریفنڈ کی جلد ادائیگی کے لیے حکومت حتیٰ الوسع کوشش جاری رکھے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو برآمد کنندگان کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کے
دوران کیا۔ملاقات میں کورونا وائرس کی وبا، اس سے عالمی معیشت اور پاکستان کی برآمدی صنعتوں پر پڑنے والے ممکنہ اثرات سے متعلق امور کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر برائے ٹیکسٹائل عبدالرزاق دائود اور مشیر ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے وفد کو مسائل کے حل کے لیے اقدامات کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ جی ایس ٹی کے ریفنڈ رواں ماہ کے دوران ادا کیے جائیں گے جبکہ ایکسپورٹ ری بیٹ کی ادائیگی اپریل میں کی جائے گی۔ انہوں نے اس سلسلے میں چیئرمین ایف بی آر اور سیکرٹری خزانہ کو اسٹیک ہولڈروں کے ساتھ اجلاس کرکے ان کے مسائل جلد از جلد حل کرنے کی ہدایت بھی کی۔