کورونا کلیئرنس سرٹیفکیٹ کی طلبی پر سی اے اے، وزارت داخلہ کو نوٹس

206

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے کورونا وائرس ٹیسٹ کلیئرنس سرٹیفکیٹ پر ملک میں داخلے سے متعلق نوٹیفکیشن پر سول ایوی ایشن اتھارٹی، وزارت داخلہ اور دیگر کو نوٹس جاری کردیے۔ جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس یوسف علی سعید پر مشتمل 2 رکنی بینچ کے روبرو نوٹیفکیشن کے خلاف درخواست پر سماعت
ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف دیاکہ 21 مارچ کو رات 4 بجے کیلیفورنیا سے عمار حارث وائیہ ترکش ائرلائن سے واپس آرہا ہے۔ عمار حارث نے امریکا کی مختلف ریاستوں میں کورونا وائرس سرٹیفکیٹ کے لیے رابطہ کیا تو امریکی طبی اداروں نے کہا کہ کورونا وائرس نہیں ہے تو سرٹیفکیٹ کس بات کا دیں۔ جسٹس محمد علی مظہر نے ریماکس دیے کہ ائرپورٹ پر آئسولیشن سینٹر بنا دیے جائیں تو کیا بہتر نہیں ہوگا‘ ساڑھے 3 سو افراد پر مشتمل پورا جہاز آرہا ہے‘ اللہ نہ کرے کسی کو کورونا وائرس ہوا تو مسئلہ ہو جائے گا‘ اس سلسلے میں حکومت سے پوچھ لیتے ہیں۔ عدالت نے سول ایوی ایشن اتھارٹی، وزارت داخلہ اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 27 مارچ کو جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔