صدر مملکت نے نماز جمعہ کے بجائے نماز ظہر اپنے گھر میں ادا کی

150

اسلام آباد(اے پی پی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کورونا وائرس کے پھیلائو کی روک تھام کے سلسلے میں حفاظتی اقدامات کے تحت مسجد میں جمعہ کی نماز ادا کرنے کے بجائے اپنے گھر میں نماز ظہر ادا کی۔ جمعہ کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام
میں کہا کہ اﷲ مجھے معاف کرے، میں نے اس حدیث کے مطابق عمل کیا ہے جس میں حضور اکرمؐ نے فرمایا ہے کہ بیماروں کو صحت مندوں کے ساتھ نہیں ملانا چاہیے اور جبکہ مجھے معلوم نہ ہو کہ کون بیمار ہے اور کون صحت مندتو میں دوسروں کو اپنے انفیکشن سے بھی بچانا چاہتا ہوں۔علاوہ ازیںصدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کورونا وائرس سے بچاؤ سے متعلق عوامی آگاہی کے لیے سیاسی جماعتوں اور میڈیا کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان مشکل وقت میں لوگوں کی مدد کے لیے تیار ہو جائیں، ڈاکٹرز اس جدوجہد میں ہمارا ہراول دستہ ہیں، مجھے پورا یقین ہے کہ قوم اس آزمائش میں مزید مضبوط ہو کر ابھرے گی۔ کورونا وائرس سے بچاؤ اور اس کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے اپنے وڈیو پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ کورونا وائرس سے ہمیں انفرادی اور اجتماعی طور پر لڑنا ہے۔کورونا وائرس سے بچاؤ سے متعلق عوامی آگاہی کے لیے سیاسی جماعتوں اور میڈیا کا مثبت کردار قابل ستائش ہے۔ دوسری جانب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ڈی آئی خان اور شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران شہید ہونے والے کرنل مجیب الرحمن، لیفٹیننٹ آغا مقدس علی خان، حوالدار قمر ندیم، سپاہی محمد قاسم اور سپاہی توصیف کے اہلخانہ سے ٹیلیفون پر بات چیت کی اور شہداء کے بلندی درجات اور اہلخانہ کیلیے صبر جمیل کی دعا کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ قوم اپنے شہیدوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی، پاکستان اپنی سر زمین سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کرکے رہے گا