اولمپکس مشعل جاپان پہنچ گئی،ابھی منسوخی کا فیصلہ نہیں کیا،آئی او سی

166

ٹوکیو(آئی این پی) ٹوکیو اولمپکس2020کی مشعل میزبان ملک جاپان پہنچا دی گئی ہے۔ یونان میں تقریب کے دوران مشعل جاپان کے حوالے کی گئی تھی۔تفصیلات کے مطابق ٹوکیو اولمپکس دو ہزار بیس کی مشعل میزبان ملک جاپان پہنچا دی گئی ہے۔ خصوصی طیارے میں ٹارچ کو میزبان ملک لایا گیاہے۔ اولمپک مشعل یونان میں ایک تقریب کے دوران جاپانی نمائندے کے حوالے کی گئی تھی۔کورونا کے باعث دنیا کی سب سے بڑی کھیلوں کی مشعل حوالگی تقریب پھیکی سی نظر آئی۔تقریب میں میں شائقین کی آمد کو ممنوع قرار دیا گیا تھا، یونانی ایتھلیٹ کترینا ٹارچ کو خالی اسٹیڈیم میں لے کر آئیں۔کورونا وائرس کے باعث مئی سے جاپان میں شیڈول اولمپک کھیلوں پر منسوخی کے بادل منڈلا رہے ہیں، تاہم انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی کھیلوں کے انعقاد کیلئے پرامید ہے۔دوسری طرف بین الاقوامی اولمپک کمیٹی آئی او سی کے سربراہ تھامس باخ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے پھیلا کے تناظر میں ٹوکیو 2020 گیمز کو منسوخ کیا جائے یا نہیں اس بارے میں کمیٹی عالمی ادارہ صحت کی سفارشات پر عمل کرے گی۔جاپانی نشریاتی ادارے کے مطابق ٹوکیو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ آئی او سی بھر پور کوشش کرے گی کہ ٹوکیو گیمز منصوبے کے مطابق 24 جولائی کو شروع ہوں اور اولمپک کے کامیاب انعقاد کیلئے کھلاڑیوں کی تیاری مکمل ہو۔تھامس باخ نے بتایا کہ آئی او سی نے وبائی بیماری کے پھیلا سے نمٹنے کیلئے فروری کے وسط میں عالمی ادارہ صحت اور دیگر تنظیموں کے ساتھ مل کر ایک ٹاسک فورس قائم کی تھی اور کمیٹی صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے۔ دوسری طرفدنیا بھر میں کورونا وائرس کے سبب کھیلوں کے مقابلے منسوخ ہونے کے باوجود اولمپکس کے انعقاد کے حوالے کوئی حتمی اعلان نہ کیے جانے پر ایتھلیٹس نے انٹرنیشنل اولمپکس ایسوسی ایشن پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔اولمپکس کا انعقاد رواں سال جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں ہونا ہے اور 24جولائی سے دنیا کے سب سے بڑے کھیلوں کے مقابلے شیڈول ہیں، تاہم ابھی تک اولمپکس کے التوا کے حوالے سے کوئی اعلان سامنے نہیں آیا جس کے سبب دنیا بھر کے ایتھلیٹس بے چینی کا شکار ہیں۔یونان کی اولمپک چیمپیئن قطرینا اسٹفنیدی نے کہا کہ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی ہماری زندگیوں کو خطرے میں ڈال رہی ہے کیونکہ اس صورتحال میں ہمارے لیے ٹریننگ ناممکن ہو گئی ہے۔اس کے جواب میں انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ ایک غیر معمولی صورتحال ہے جس کے لیے غیر معمولی حل کی ضرورت ہے، انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کھیل کی شفافیت اور ایتھلیٹس کی صحت کو یقینی بناتے ہوئے ایک ایسا حل تلاش کرنے کی کوشش کر رہی ہے کہ جس سے ایتھلیٹس پر کم سے کم منفی اثرات مرتب ہوں۔ 2016 کے ریو اولمپکس میں سونے کا تمغہ جیتنے والی ایتھلیٹ قطرینا اسٹفنیدی نے مزید کہا کہ انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی ہماری، ہمارے اہلخانہ اور عوام کی صحت کو خطرے میں ڈالنا چاہتی ہے، آپ آئندہ چار ماہ میں نہیں بلکہ اس وقت ہماری زندگیوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔