اسلام آباد ہائیکورٹ ‘کورونا ٹیسٹ کی لازمی شرط پر حکومت سے جواب طلبی

203

اسلام آباد (آن لائن)ا سلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے بیرون ملک سے آنے والے پاکستانیوں کے لیے کورونا ٹیسٹ رپورٹ لازمی قرار دینے کا معاملہ نیشنل سیکورٹی کمیٹی کے سامنے رکھنے کاحکم دیتے ہوئے وفاقی حکومت اور وزارت اوورسیز سے 24 مارچ تک جواب طلب کرلیا ہے۔ دریں اثنااسلام آباد ہائی کورٹ نے
پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کی جانب سے ڈاکٹرز کو سرٹیفکیٹ جاری نہ کرنے پر سیکرٹری صحت کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے۔ دوران سماعت جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے ہیں کہ سیکرٹری صحت کورونا کا ٹیسٹ کرا کر عدالت آئیں، انہیں جیل بھی بھیجا جاسکتا ہے۔ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے ہاؤس جاب کے لیے پی ایم ڈی سی کی جانب سے سرٹیفکیٹ جاری نہ کرنے کے خلاف 16 ڈاکٹرز کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ بچے امتحان پاس کر چکے ہیں اب ہاؤس جاب شروع کرنے کیلیے سرٹیفکیٹ کی ضرورت ہے‘ عدالت پی ایم ڈی سی کو سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا حکم دے۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے وزارت صحت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ایم ڈی سی کی بحالی کے باوجود بچوں کو سرٹیفکیٹ کیوں جاری نہیں کیے گئے‘ سیکرٹری صحت ذاتی حیثیت میں پیش ہوکر وضاحت دیں۔