کراچی میں پہلی ہلاکت ،لوگ 3 دن گھروں سے نہ نکلیں ،وزیراعلیٰ

809

کراچی/لاہور/اسلام آباد/کوئٹہ / پشاور / ریاض/لندن/واشنگٹن/تہران/روم( اسٹاف رپورٹر+نمائندگان جسارت+ خبرایجنسیاں) کراچی میں کورونا سے متاثر 77 سالہ شخص انتقال کر گیا جس کے بعد ملک میں اس وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 3 ہو گئی ہے۔ سندھ کی وزیر صحت عذرا
فضل کے مطابق کراچی میں کورونا سے جاں بحق ہونے والا شخص نجی اسپتال میں زیر علاج تھا، اسے کینسر ،شوگر اور بلڈپریشر کا عارضہ بھی لاحق تھا جس سے اس کی صحت پہلے ہی بہت خراب تھی۔اس شخص کی کوئی ٹریول ہسٹری نہیں ملے ہے۔نجی اسپتال کے ریکارڈ کے مطابق مریض کو تیز بخار اور شدید نزلہ زکام کے باعث اسپتال لایا گیا تھا تاہم ڈاکٹروں نے بعد ازاں مریض میں کورونا وائرس کی تصدیق کی تھی۔ کراچی کے نجی اسپتال میں اس مریض کی ہلاکت نصف شب کو ہوئی جس کے بعد میت کو رات ایک بجے پراسرار طور پر نارتھ ناظم آباد میں واقع سخی حسن قبرستان لے جایا گیا۔ مرنے والے کے2 لواحقین کے علاوہ اسپتال کا عملہ بھی مخصوص لباس میں میت کے ساتھ گیا تھا جس نے میت کو سخی حسن قبرستان میں سپرد خاک کر دیا۔جمعہ کو پاکستان میں کورونا کے 46نئے کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 18 مریض پنجاب، بلوچستان میں 11، 14 سندھ کے شہر کراچی میں اور 3 اسلام آباد میں سامنے آئے ہیں ۔ اس طرح سندھ میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 252 ،پنجاب میں 96، بلوچستان میں 92، خیبرپختونخوا 23 اوراسلام آباد میں 10جب کہملک بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 495 ہوگئی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے عوام سے آئندہ 3 روز تک گھروں میں رہنے کی اپیل کردی۔ وزیراعلیٰ کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ آئندہ 3دن تک سب مکمل طور پر آئسولیشن میں جائیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ کا گھروں میں رہناخود آپ کے لیے اور ہم سب کے لیے ضروری ہے۔ دوسری جانب صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی نے کراچی میں اتوار سے کرفیو کے نفاذ کی خبروں کو افواہ قرار دے دیا۔سعید غنی کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر کراچی میں کرفیو کی خبریں غلط ہیں، ایسا کوئی فیصلہ نہیں ہوا مگر عوام سے صرف گھروں پر رہنے کی اپیل ہے۔حکومت سندھ نے کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر صوبے میں تمام ترقیاتی فنڈز منجمد کردیے ہیں اورترقیاتی بجٹ کا اجرا روک دیاگیا جبکہ ایم ایم بی ایس پاس ڈاکٹرز کو 6ماہ کے لیے سرکاری ملازمت کی پیشکش کی گئی ہے۔ ہاؤس جاب مکمل کرنے اور پی ایم ڈی سی سے سندیافتہ ڈاکٹرز کو بطور میڈیکل آفیسر بھرتی کیاجائے گا۔ڈاکٹرز کی بھرتیاں 6ماہ کے کنٹریکٹ پر ہوں گی۔نئے بھرتی ہونے والے ڈاکٹرز سے31مارچ تک درخواستیں طلب کرلی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے سندھ کے ڈاکٹروں سے مدد کی اپیل کی ہے کہ وہ انسانیت کی خدمت کے لیے آگے آئیں۔ انہوں نے طبی ماہرین سے کہا ہے کہ سندھ کو آپ کی ضرورت ہے۔سندھ حکومت نے مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی حکومت شہریوں سے 2ماہ کے بجلی اور گیس کے بل نہ لینے پر سنجیدگی سے غورکرے۔ صوبائی وزیرزراعت اسماعیل راہو نے کہا کہ وفاقی حکومت عوام سے 2 ماہ تک 300یونٹ بجلی اورایک ہزار روپے تک کے گیس بل وصول نہ کرے، شہری گھروں تک محدود ہیں اور تمام کاروبار بند ہے اسی لیے عوام کو ریلیف ملنا چاہیے،۔صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران خان سندھ کو کوئی فنڈ نہ دیں مگر عوام کو تو ریلیف دیں،سندھ بھی ملک کا حصہ ہے۔مزید برآں کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی ممکنہ ہنگامی صورتحال کے پیش ایکسپوسینٹر کراچی میں 1100بستروں پرمشتمل اسپتال اورپاک فوج کے تحت آئسولیشن سینٹرقائم کردیاگیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا گیا کہ پنجاب میں کورونا وائرس کے 71 مریض تفتان سے آنے والے زائرین ہیں، 15 لاہور، 2 ملتان، 3 مظفر گڑھ، 3 گجرات جبکہ جہلم اور راولپنڈی میں ایک ایک کیس سامنے آیا ہے۔ گلگت بلتستان میں جمعرات کو مزید 8 مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد وہاں وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 21 ہوگئی ہے۔بلوچستان میں کورونا کاعلاج کرنے سے انکار پر ڈاکٹروں کو نوٹس جاری کردیے گئے۔بلوچستان حکومت نے کرونا وائرس کے بڑھتے خطرات اور اس کے سدباب کے لیے21 دن تک جزوی لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔ کوئٹہ شہر کے تمام بڑے شاپنگ مال اور مارکیٹیں 3 ہفتوں کے لیے بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق تمام ریسٹورنٹس 3 ہفتوں تک صرف گھروں کے لیے کھانے پینے کی اشیا فراہم کر سکیں گے۔ بین الصوبائی، صوبائی اور انٹرسٹی پبلک ٹرانسپورٹ بھی 3 ہفتوں کے لیے بند رہے گی۔ محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن پر عملدرآمد بروز ہفتہ مورخہ 21 مارچ سے شروع ہوگا۔ادھر چینی سفارتخانے نے کہا ہے کہ ان کا ملک کرونا وائرس سے مقابلے کے لیے پاکستان کو ماسک، حفاظتی لباس اور وینٹی لیٹرز فراہم کرے گا۔چینی سفارتخانے کا کہنا تھا کہ 30 ہزار مشتبہ افراد کی چیکنگ کے لیے کرونا ٹیسٹنگ کٹس فراہم کر دی ہیں اورایک لاکھ میڈیکل ماسک پاکستان کو دے دیے، چین کورونا وائرس سے نبردآزما ہونے کے لیے اپنے تجربات پاکستان سے شیئر کرتا رہے گا۔ دوسری جانب سعودی حکام نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے حفاظتی اقدامات کے تحت مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے اندرونی اور بیرونی حصے میں پنجگانہ نماز اور نماز جمعہ کی ادائیگی پر مکمل پابندی عاید کردی۔الجزیرہ کے مطابق مساجد کے دروزے بند کرکے نمازیوں کوداخلے سے روک دیا گیا ہے۔مسجد نبوی کی انتظامیہ کی جانب سے صرف چند متعلقہ حکام کو مسجد کے کمپاؤنڈ تک جانے کی اجازت ہوگی۔جان لیوا وائرس نے 182 ممالک میں تباہی مچادی۔ دنیا بھر میں کرونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 11ہزار 271 ہو گئی ہے جب کہ اٹلی میں ایک ہی روز میں 627 ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں۔ اٹلی میں مجموعی طور پر 4 ہزار 32 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔سینئریورپی عہدیدار اور موناکو کا شہزادہ بھی وائرس کا شکار ہوگیا ہے۔اْردن نے ہفتے کی صبح سے غیرمعینہ مدت کے لیے ملک میں کرفیو لگانے کا اعلان کر دیا ہے، کرفیوکا فیصلہ عوام کی جانب سے ہدایات پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے کیا گیا۔برطانیہ میں کرونا وائرس کے کیسز سے نمٹنے کے لیے ہزاروں ریٹائرڈ ڈاکٹروں اور نرسوں کو واپس بلایا جا رہا ہے۔