امریکا کا پاکستان کو 10 لاکھ ڈالر امداد دینے کا اعلان

159

واشنگٹن،اسلام آ باد(اے پی پی)امریکا نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے پاکستان کو ابتدائی طور پر 10 لاکھ ڈالر کی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔امریکی وزارت خارجہ کے بیورو آف ساؤتھ
اینڈ سینٹرل ایشیا کی طرف سے جاری ٹوئٹ میں کہا گیاہے کہ امریکا نے کووڈ۔ 19 سے نمٹنے کے لیے پاکستان کو ابتدائی طور پر یو ایس ایڈ پروگرام کے ذریعے10 لاکھ ڈالر کی امداد دینے کا فیصلہ کیا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کی عہدیدار ایلز ویلز کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ امداد وبا کی بہتر مانیٹرنگ اور اس حوالے سے رد عمل بہتر بنانے کے لیے دی گئی ہے۔ ٹوئٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ دنیا کو صحت کے حوالے سے درپیش مسائل کا سامنا کرنے کے لیے امریکا اور پاکستان کی طویل شراکت داری رہی ہے، اس وقت سینٹر آف ڈیزیز کنٹرول کی وبائی بیماریوں کی لیب کے 100 سے زاید پاکستانی گریجویٹس گلگت بلتستان اور پنجاب میں کووڈ۔ 19 کے کیسز پر تحقیق کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیںوفاقی وزیر اقتصادی امور حماد اظہر نے جمعہ کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ عالمی بینک کے منصوبوں کے استعمال میں نہ آنے والے 40 ملین ڈالر کے فنڈز کی ری لوکیشن کر دی ہے،یہ فنڈز وفاقی اور صوبائی حکومتیں کورونا وائرس سے بچائو کے لیے مختلف آلات کی خریداری کے لیے استعمال میں لائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کو بالترتیب 7.5 ملین ڈالر، 10 ملین ڈالر، 7 ملین ڈالر اور 2 ملین ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔ اس طرح کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے سامان اور آلات کی خریداری کے ضمن میں وفاقی حکومت کو 13.5 ملین روپے فراہم کیے گئے ہیں۔