سندھ حکومت کا مزدوروں کے بچوں کی اعلیٰ تعلیم کیلیے بڑا اقدام

439

وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ  اعلیٰ تعلیم کے لیے محنت کشوں اور مزدوروں کے اکاؤنٹ میں فی بچہ 6 ہزار روپے جمع کروانے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی کی زیرصدارت ورکرز ویلفیئر بورڈ کی گورننگ باڈی کا اجلاس ہوا جس میں محنت کش اور مزدور طبقے کے بچوں کو اعلیٰ تعلیم دلوانے کے لیے اقدامات کرنے پر غور کیا گیا۔

صوبائی وزیر سعید غنی نے بتایا کہ محنت کشوں اور مزدوروں کے بچوں کو نجی تعلیمی اداروں میں اعلیٰ تعلیم دلوائی جائے گی اور اس مقصد کے لیے اجلاس میں مزدوروں کے اکاؤنٹ میں فی بچہ 6 ہزار روپے جمع کروانے کی منظوری دے دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ مزدوروں کے 50 ہزار بچے ورکرز ویلفیئر بورڈ اور نجی اسکولوں میں زیر تعلیم ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ یہ تعداد لاکھوں میں ہو اور تمام مزدوروں کے بچے تعلیم حاصل کریں۔