کورونا وائرس :کراچی کو لاک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ

920

سندھ حکومت نےکراچی کو تین دن کے لیے مکمل لاک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کیاہے۔

وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں کہا کہ لوکل ٹرانسمیشن کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے ، جس کے باعث سندھ حکومت نے اگلے تین روز کے لیے کر اچی کو مکمل لاک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مرادی علی شاہ کا کہناتھا کہ اصل پریشانی کی بات لوکل ٹرانسمیشن کے بڑھتے ہوئے کیسز ہیں، لوکل ٹرانسمیشن کے 51کیسز ہوگئے ہیں،سرکاری اسپتالوںنے آج 1874مشتبہ افراد کی رپورٹ کی ہے،عوام سے اپیل ہے خدار گھروں میں رہیں ۔

وزیر اعلی سندھ نے عوام کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ آپ کا گھروں میں رہنا ہم سب کے لیے بہتری ہے،اگلے تین دن کے لیے عوام مکمل آئسولیشن میں رہیں،اب ہم سب کا گھروں میں رہنا ضروری ہوگیا ہے۔

خیال رہے کہ سندھ حکومت نے شعبہ صحت کے تین نجی پارٹنرز کو 835 ملین روپے جاری کردیئے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ تینوں نجی پارٹنرز صوبے میں صحت کے 159 یونٹس چلاتے ہیں۔ نجی پارٹنرز میں ہینڈز، ایم ای آر ایف اور آئی ایچ ایس شامل ہیں۔

جبکہ دوسری جانب آئی جی سندھ مہر مشتاق کا کہنا تھا کہ اگلے تین دن میں اگر چار سے پانچ افراد ایک جگہ جمع ہوئے تو قانونی کارروائی عمل میں آئے گی، اگلے تین دن چار افراد سے زیادہ کے اجتماع پر پابندی عائد ہوگی۔

انہوں نے عوام سے گذارش کی ہے کہ بنا کسی معقول وجہ یا مجبوری کے اکٹھے سفر نہ کریں۔

واضح رہے سندھ میں کرونا سے متاثر افراد کی تعداد 238ہوگئی ہے۔