وزیراعظم کا تعمیراتی صنعتوں کو مراعات دینے کا فیصلہ

412

وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے پیش نظر تعمیراتی صنعتوں کومراعات دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کا اعلان وہ آئندہ منگل کے روز کریں گے۔

اسلام آباد میں معاونین کے ہمراہ سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اگر کورونا وائرس کے خطرے کی وجہ سے مکمل لاک ڈاؤن کردیتے ہیں تو روزانہ کی بنیاد پر کمانے والے مشکل میں پڑ جائیں گے، لہٰذا حکومت نے فیصلہ کیا ہے تعیمراتی صنعتوں کو خصوصی مراعات دی جائے گی جو ماضی میں کبھی نہیں دی گئی۔

وزیراعظم نے کہا ہے کہ مراعات دینے کا مقصد لوگوں کو روزگار فراہم کرنا ہے، مراعات کا باقائدہ اعلان منگل کو کریں گے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ملک کے حالات ایسے نہیں ہے کہ لاک ڈاؤن کیا جائے، سندھ حکومت نے کراچی میں لاک ڈاؤن کر دیا ہے لیکن ہم لاک ڈاؤن سے تھوڑا پیچھے ہٹے ہوئے ہیں کیونکہ اس سے اسپتال بھی متاثر ہوں گے۔

عمران خان نے کہا ہے کہ لوگ اسپتال آنے کے بجائے خود کو گھروں میں قرنطینہ میں رکھیں، لوگ اپنے طور پر ڈسپلن کا مظاہرہ کریں، ہجوم والی جگہوں پر نہ جائے۔ انہوں نے کہا ہے کہ معاشرے میں افراتفری سے حالات مزید خراب ہوں گے۔

ایران کے حوالےسے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ ایران سے پابندیاں ہٹائیں، کورونا کی روک تھام کے لیے زیادہ سے زیادہ مہم چلائی جائے۔

معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا:

صحافیوں سے گفتگو میں وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ کورونا وائرس  پر روزانہ کی بنیاد پر اپ ڈیٹ  دی جائے گی، کچھ چیزوں کو قومی سطح پرکنٹرول کرنے کی ضرورت ہے، حکومت قومی سطح پر ذمےداری کےساتھ تصدیق شدہ نمبرہی پہنچائےگی۔

معاون خصوصی برائے خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ:

مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سےدنیا کو 350 ارب ڈالرز کا نقصان ہوچکا ہےپاکستان کی برآمدات اور ترسیلات کم ہونے کا خدشہ ہے جبکہ روز گار کی فراہمی میں بھی مشکلات ہوسکتی ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ حکومت ٹیکسز میں کمی اور مراعات بڑھانےپر کام کرہی ہے۔

حفیظ شیخ نے کہا ہے کہ یہ ایک ایسا موقع ہے جس میں مل کر مشترکہ  حکمت عملی کے تحت کام کرنا ضروری ہے۔