حکومت نے غیر استعمال شدہ فنڈز انسداد کورونا کے لیے مختص کردیے

546

اسلام آباد: حکومت نے عالمی بینک کے غیر استعمال شدہ فنڈز کو ملک میں انسداد کورونا وائرس کے لیے مختص کردیا ہے۔

وفاقی وزیر اقتصادی امور حماد اظہر نے سماجی راطبے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے فنڈز کی تفصیلات سے آگاہ کیا ہے۔

حماد اظہر کے مطابق عالمی بینک کے غیر استعمال شدہ فنڈز کو انسداد کورونا وائرس کے لیے مختص کیا گیا ہے، جس سے وفاق اور صوبائی حکومتیں کووڈ-19 کے لیے ساز و سامان خریدیں گیں۔

وفاقی وزیر کے مطابق پنجاب کے لیے 75 لاکھ ڈالرز، سندھ کو ایک کروڑ ڈالرز، خیبر پختونخوا کو 70 لاکھ ڈالر اور بلوچستان حکومت کے لیے 20 لاکھ ڈالرز مختص کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہ فنڈز مختص کرنے کا تعین وفاقی حکومت نہیں کرتی بلکہ یہ وہی فنڈز ہیں جو صوبوں کے پاس غیر استعمال شدہ پڑے تھے۔

حماد اظہر نے واضح کیا ہے کہ استعمال ہونے والے فنڈز کا حجم 4 کروڑ ڈالرز ہے جو 600 ملین ڈالرز کے پیکیج کا ایک حصہ ہے۔