کورونا وائرس: چین نے پاکستان کو ٹیسٹنگ کٹس، وینٹی لیٹرز فراہم کردیے

718

اسلام آباد: چین نے پاکستان کو 30 ہزار مشتبہ افراد کی چیکنگ کے لیے ٹیسٹنگ کٹس، وینٹی لیٹرز اور ایک لاکھ سرجیکل ماسک فراہم کر دیے.

اسلام آباد میں ہونے والی چار گھنٹے طویل انٹرنیشنل وڈیو کانفرنس میں چین کے سائنسدان اور ماہرین نے شرکت کرکے اپنے حالیہ تجربات سے پاکستان کے قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) کے 20 ماہرین، یورپی، وسطی اور جنوبی ایشیا کے 20 ممالک کے ماہرین کو آگاہ کیا۔

پاکستان میں چین کے سفارتخانے نے اعلامیے جاری کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی جنگ میں چین ساتھ کھڑا ہے، کورونا سے بچنے کے لیے چین پاکستان کوماسک، حفاظتی لباس اور وینٹی لیٹرز فراہم کرے گا، چین اپنے تجربات سے پاکستان کو آگاہ کرتا رہے گا۔

دوسری جانب قومی ادارہ برائے صحت (این آئی ایچ) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر میجر جنرل عامر اکرام نے چین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ویڈیو کانفرنس سے ہمارے علم میں اضافہ ہوا، اس وبا کو ختم کرنے کے لیے ہم سب مشترکہ انداز میں آگے بڑھیں گے.

انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں بہت سے سوالوں کے جوابات ملے ہیں، امید ہے کہ اس کانفرنس کے ذریعے دیگر ممالک کو بھی حفاظتی اقدامات بہتر بنانے میں مدد ملے گی.

میجر جنرل عامر اکرام نے مزید کہا کہ اس مشکل وقت میں ایسا موقع فراہم کرنے پر چین کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔