کورونا وائرس روکنے کیلئے حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں، ثانیہ نشتر

417

اسلام آباد(اے پی پی)کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لیے حکومت کیجانب سے مسلسل حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں، عوام کو کورونا سے بچائو کی حفاظتی تدابیر سے آگاہی کے عمل کو جاری رکھتے ہوئے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے جاری پروگراموںکے کام میں کسی قسم کی کوئی رکاوٹ نہیں آنے دی جا رہی۔وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ اورتخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشترنے جمعرات کو وفاقی دارالحکومت کے مضافات میں احساس بلاسود سینٹر کے دفتر کا دورہ کیا۔انہوں نے میڈ یاسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی پی اے ایف احساس کا ایک ذیلی عملدرآمدی ادارہ ہے جو شراکت دار تنظیموں کے تعاون سے غریب عوام کو بلا سودقرض کی سہولت فراہم کررہا ہے ۔احساس بلا سود قرضوں کے کام کی نگرانی کے دوران ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے عوام کو نہ صرف ہمت سے کام لینے کی ہدایت کی بلکہ انہیں حکومت کی طرف سے بتائی جانے والی احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل پیرا ہونے کا بھی مشورہ دیا۔انہوں نے کہا کہ سماجی تحفظ کی وزارت کی حیثیت سے ہمیں اس بات کا ادراک ہے کہ جن مستحق لوگوں کو ہماری خدمات کی ضرورت ہے ان کی مدد جاری رکھنی ہوگی اور یہ اس مشکل وقت میں سب سے زیادہ ضروری ہے،ایک روز قبل ہی ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ ہم احساس کفالت کیش ٹرانسفرزکو مستفید ہونے والے افراد کے لیے جاری رکھیں گے کیونکہ اس وقت ان خاندانوں کو مالی مدد کی ضرورت ہے تاہم دوسری طر ف کورونا سے بچائو کی احتیاطی تدابیر کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے اپنے رجسٹریشن مراکز کچھ وقت کے لیے بند کر دیے جہاں خواتین کی بڑی تعداد رجسٹریشن کے لیے جمع ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں حفاظت اور امداد کے مابین توازن قائم کرنا ہوگا کیونکہ توازن آج وقت کی ضرورت ہے۔