حیدرآباد میں محکمہ لیبر کے 1500 فلیٹس میں قرنطینہ سینٹر قائم

237

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)صوبائی حکومت کی ہدایت پر حیدرآباد کی ضلعی انتظامیہ نے حیدرآبا دکے قریب ٹنڈومحمدخان روڈ پر قرنطینہ سینٹر قائم کردیا ہے جس میں کیے جانے والے کاموں کو حتمی شکل دی جارہی ہے ، سینٹر میں بنائے جانے والے آئسولیشن وارڈز کیلیے بیڈ پہنچادیے گئے ہیں۔حیدرآباد کے قریب ٹنڈومحمدخان روڈ پر قائم محکمہ لیبر کے 1504فلیٹس میں قرنطینہ سینٹر بنایا جارہا ہے جن میں 200سے زاید فلیٹس میں بجلی پہنچادی گئی ہے اس کے علاوہ سینٹر میں آئسولیشن وارڈز کیلیے بیڈز بھی لائے گئے ہیں ، ہر فلیٹ میں 2 کمرے ہیں اور ہر کمرے میں آئسولیشن وارڈ بنایا جائیگا ۔ ڈی جی ہیلتھ سندھ ڈاکٹر مبین احمد میمن سمیت انتظامی افسران اور رکن قومی اسمبلی صابر قائم خانی و رکن صوبائی اسمبلی راشد خلجی سمیت دیگر نے سینٹر کا دورہ کیا اور وہاں دی جانیو الی سہولیات کا جائزہ لیا۔ ڈی جی ہیلتھ سندھ ڈاکٹر مبین احمد میمن کا کہنا تھا کہ یہ قرنطینہ سینٹر جلد ہی کام شروع کردے گا اس میں کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کو آئسولیشن وارڈ میں رکھا جائیگا جنہیں ضرورت پڑنے پر ادویات بھی دی جائیگی۔