وباء پر قابو پانے کیلئے پاک فوج پوری طرح متحرک ہے،ڈی جی آئی ایس پی آر

145

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے پاک فوج پوری طرح متحرک ہے۔معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان اور معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابرافتخار نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کی روشنی اور وزیراعظم کے احکامات پر عمل کے لیے افواج پاکستان پوری طرح متحرک
ہے، وفاق اور صوبے کے ساتھ ملکر کورونا وائرس کی وبا پر قابو پانے کے لیے ان ایکشن ہے۔ترجمان پاک فوج نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فارمیشنز کو ہدایت دی ہیں کہ وہ کورونا وائرس کے معاملے پر سول حکومت کی ہرممکن مدد کریں اور جہاں جہاں ضرورت ہے قرنطینہ سینٹرز کے قیام کے لیے بھی سول حکومت کی معاونت کی جائے جب کہ ائرپورٹس پر بھی فوجی حکام سول حکومت کی مدد کے لیے موجود ہیں اور ملکر اسکریننگ کے نظام کو بہتر بنائیں گے اور حکومت کے تمام احکامات پر عمل کررہے ہیں۔میجر جنرل بابرافتخار کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی جانب سے داخلی راستوں پر لوگوں کی بھرپور چیکنگ کی جا رہی ہے، حفاظتی سامان کی تیاری کیلیے پاک فوج کے ماہرین تحقیق کر رہے ہیں اور انہیں تیار کر رہے ہیں، دعا ہے اللہ تعالی اس وبا سے پاکستان کو محفوظ رکھے، ہم سب نے انفرادی اور اجتماعی طور پر اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہے، خوف و ہراس پھیلنے سے روکنے کیلیے درست معلومات ضروری ہیں۔