کورونا وائرس مہلک عالمگیر وبا کی صورت اختیار کرگیا، جاوید علی جاگیرانی

295

قنبر علی خان (نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر ضلع قنبر شہداد کوٹ جاوید علی جاگیرانی کی زیر صدار ت کورونا وائرس کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس ہوا جس میں تمام مکتبہ فکر کے علما کرام اور ضلع قنبر شہداد کوٹ کے سرکاری افسران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی جاوید علی جاگیرانی نے تمام علما کرام و مشائخ پر زور دیا کہ وہ نماز جمعہ کا خطبہ مختصر رکھیں بلکہ اردو اور سندھی میں طویل تقریر کرنے کے بجائے عربی کا مختصر خطبہ پڑھیں، فرض نمازیں سب وہیں ادا کرلیں جہاں وہ اس وقت موجود ہیں جبکہ سنتیں ونوافل گھر میں پڑھی جائیں۔ حکومت نے صحت حکام کی ہدایات کی بنیاد پر یہ فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس مہلک عالمگیر وبا کی صورت اختیار کرگیا ہے اور اس عالمی وبا سے پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر شہریوں کے مفاد عامہ کو یقینی بنانے کے لیے علما کرام مذہبی اجتماعات جن میں تبلیغی اجتماعات، محافل میلاد اور دستار فضلیت سمیت دیگر روحانی اجتماعات و مجالس کو کچھ عرصے کے لیے موقوف کیا جائے، جمعہ کے اجتماعات میں انتہائی اختصار سے کام لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو ہر حال میں اللہ رب العزت کے حضور رجوع کرنا چاہیے، وبا یا بیماری کا علاج اور حفاظتی اقدامات کرنا سنت نبویﷺ ہے، ہمیں اس بحرانی کیفیت کا مل کر مقابلہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی سطح پر افسران کا علما کرام اور شہریوں سے مکمل رابطہ قائم ہے، مسلک کی بنیاد پر رخنہ ڈالنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔ عوام حکومتی اقدامات کے حوالے سے تعاون کریں گے، زیادہ خوف زدہ اور پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، کورونا وائرس کی حفاظت کے حوالے سے احتیاطی تدابیر کے طور پر مصافحہ اور معانقہ سے اجتناب کیا جائے۔