ایجوکیشن ورکس شعبہ کے کلرک کے اثاثوں کی مکمل تحقیقات کرائی جائے، چنیسر آریسر

120

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) سندھ واچ فورم کے چیئرمین چنیسر آریسر نے ضلع سانگھڑ کے ایجوکیشن ورکس شعبہ کے کلرک لائق جتوئی کیخلاف نیب کو دی جانے والی درخواست پر فی الفور کارروائی کا مطالبہ کیا۔ اپنے بیاں میں انہوں نے الزام لگایا کہ ایجوکیشن ورکس ضلع سانگھڑ میں متعلقہ کلرک لائق جتوئی نے گزشتہ دس سال میں کروڑوں روپے کی کرپشن کرکے قومی خزانے کو شدید نقصان پہنچایا ہے، وہ اس قدر مضبوط ہے کہ دفتر کا پورا نظام اپنی مرضی سے چلا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آفس کے ہیڈ کلرک کے ساتھ مل کر یہ کرپشن کا کاروبار چلا رہا ہے، جس کی وجہ سے ادارے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچ رہا ہے۔ ہم نے اس حوالے سے نیب کو تحقیقات کے لیے درخواست دی ہے اور چیئرمین نیب سمیت دیگر تحقیقاتی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ کلرک لائق علی جتوئی کے اثاثوں کی مکمل تحقیقات کرکے شعبہ ایجوکیشن ورکس ضلع سانگھڑ کو مزید تباہی سے بچایا جائے اور کرپٹ کلرک اور ہیڈ کلرک کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔