مویشی منڈی کے عملے کو ماسک اور دستانے کی فراہمی کی ہدایت

112

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر حیدر آباد عائشہ ابڑو نے متعلقہ افسران کو حیدر آباد کی مویشی منڈی منعقد کرنے کے معاہدے میں ترمیم کرکے منڈی کو ایک دن کے بجائے ہفتہ میں چار دن منعقد کرنے سے متعلق ترمیم کر کے معاہدے کی کاپی فوری طور پر ڈی سی آفس میں جمع کروانے کی ہدایت کردی۔ یہ ہدایت انہوں نے اپنے دفتر میں کورنا وائرس کمیٹی حیدرآباد کے سربراہ ایم پی اے شرجیل انعام میمن کی خصوصی ہدایات پر سائٹ ایسوسی ایشن اور مویشی منڈی کے منتظمین سے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔انہوں کہا کہ مویشی منڈی کو ایک دن کے بجائے ہفتہ میں چار دن منعقد کرنے کا مقصد لوگوں کے رش کو کم سے کم کرنا ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ مویشی منڈی میں کام کرنے والے افرد کو ماسک اور دستانے سمیت سینیٹائزر کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ ڈپٹی کمشنر حیدر آباد عائشہ ابڑو نے اسسٹنٹ کمشنر تعلقہ حیدر آباد دیہی سرہان ابڑو کو مذکورہ کام کی نگرانی کرنے کی ہدایت کی۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر حیدرآباد عائشہ ابڑو نے سائٹ ایسوسی ایشن حیدر آباد کے چیئرمین اور وائس چیئرمین سمیت سائٹ ڈپارٹمنٹ کے افسران سے اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پر انہوں نے سائٹ افسران اور ایسوسی ایشن کے نمائندوں کو ہدایت کی کہ وہ فیکٹری کے ملازمین میں کورنا وائرس سے بچاؤ سے متعلق موثر آگاہی دینے کو یقینی بنائیں اور فیکٹریز میںروزانہ اجرت پرکام کرنے والے مزدورں کو ماسک، دستانے سمیت دیگر حفاظتی طبی سامان فراہم کرنے کو یقینی بنائیں۔ انہوں اسسٹنٹ کمشنر لطیف آباد فراز احمد صدیقی کو مذکورہ کام کی نگرانی کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ماسک کی کمی سے متعلق انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ روز مرہ کی اشیائے خورد ونوش کی ذخیرہ اندوزی کرنیوالوں کی نشاندہی کریں اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر حیدرآباد لیاقت علی کلہوڑو اور دیگر متعلقہ افسران بھی اجلاس میں شریک تھے۔