ٹنڈو جام، کوروانا کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں ختم، شہری گھروں تک محدود

229

ٹنڈو جام (نمائندہ جسارت) ٹنڈو جام میں کوروانا وائرس کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں ختم، شہری گھروں تک محدود، اسسٹنٹ کمشنر سمیت انتظامیہ مختلف کے افسران کا دورہ، ایران سے آنے والے زائرین اور عمرہ سے آنے والے افراد کو ٹیسٹ کے بعد صحت مند قرار۔ اسسٹنٹ کمشنر ضلع حیدرآباد دیہی اعجاز ابڑو نے کوروانا وائرس کے سلسلے میں میونسپل کمیٹی ٹنڈوجام کے آفس میں ایک ہنگامی اجلاس میں شرکت کی، جس میں چیئرمین ٹنڈو جام میر خان محمد تالپور، سی ایم او شاہ جہاں پنہور سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی اور شہر میں صحت اور صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ میونسپل کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ پورے شہر کو صاف ستھرا رکھا جائے۔ انہوں نے ٹنڈو جام میں ایران سے آنے والے زائرین کو ٹیسٹ کے بعد صحت مند قرار دیا گیا ہے، اسی طرح عمرہ کرنے والے افراد کو بھی کوراونا وائرس سے پاک قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم صحت کے اصول اور حکومت کی دی گئی ہدایت پر عمل کرکے کوروانا وائرس کو شکست دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع حیدر آباد کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ہم نے کوروانا وائرس انسولیشن وارڑ قائم کردیے ہیں۔ ٹنڈو جام رورل ہیلتھ سینٹر میں بھی دو بیڈ پر مشتمل وارڈ بنایا گیا ہے۔ علاوہ ازیں کوروانا وائرس کی وجہ سے پورے شہر کو انتظامیہ نے بندکردیا، جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ جبکہ مزدور طبقہ روزی نہ ملنے کی وجہ سے پریشان ہے، ہوٹل مالکان کا کہنا ہے کہ وہ ہوٹلوں پر ہاتھ دھونے کا بہتر انتظام کرسکتے تھے لیکن اس کے بجائے ہوٹلوں کو بند کرا کے لوگوں کو بے روزگار کردیا گیا ہے۔ دکاندار طبقے کا بھی کہنا تھا کہ حکومت نے جو طریقہ اختیار کیا ہے وہ انتہائی نامناسب ہے، اس سے لوگ ذہنی مریض بن کر رہ گئے ہیں۔ ٹنڈوجام میں پولیس نے گشت کر کے بازار بند کرادیا، صرف سبزی، کرایانہ اور میڈیکل اسٹور کھلے رہے، بازار اور سرکاری دفاتر بند ہونے کے باوجود لوڈشیڈنگ کے شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں آئی جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ کاکہنا تھا کہ اس دوران کوئی لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔