سندھ حکومت کے اعلان پر عملدرآمد کے لیے یکسوئی سے کام کیا جائے

237

کوٹری (پ ر) سندھ حکومت کے احکامات پر ایس ایس پی جامشورو امجد احمد شیخ نے کورونا وائرس سے بچائو کے لیے احتیاطی تدابیر کے لیے جامشورو پولیس کے جوانوں کو ماسک تقسیم کرتے ہوئے انہیں ماسک پہن کر فرائص کی انجام دہی کی ہدایت کی ہے۔ اس سلسلے میں ایس ایس پی آفس میں پولیس جوانوں کو ماسک تقسیم کیے گئے اور انہیں دوران ڈیوٹی احتیاطی تدابیر کے حوالے سے آگاہی فراہم کی گئی۔ ایس ایس پی جامشورو نے پولیس اہلکاروں کو ہدایت دی کہ سندھ حکومت کے اعلان پر مکمل عملدرآمد کرانے کے لیے یکسوئی سے کام کیا جائے اور شہریوں کے ساتھ بہتر رویہ اختیار کرتے ہوئے انہیں کورونا وائرس کیخلاف قومی مہم میں تعاون کرنے کی تلقین کی جائے۔ انہوں نے جامشورو پولیس کے افسران اور اہلکاروں کو کہا ہے کہ وہ سندھ حکومت کے اقدامات پر عمل درآمد کے لیے شہریوں بالخصوص تاجر برادری سے ناروا سلوک ہرگز اختیار نہیں کریں گے اور قانون کے دائرہ میں رہتے ہوئے ہوٹلوں، شاپنگ مال اور تفریحی پارک کو بند کرایا جائے، اگر کہیں مداخلت ہوتی ہے تو اس سے احسن طریقے سے نمٹا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی پاسداری ہر شہری کا فرض ہے، کورونا وائرس عالمی وبا ہے جس سے سب کو مل کر جنگ کرنا ہوگی، بحیثیت قوم ہر کسی کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔