جیکب آباد میں ٹریفک جام کا عذاب بڑھ گیا، شہری پریشان

45

جیکب آباد(نمائندہ جسارت) جیکب آباد میں ٹریفک جام کا عذاب بڑھ گیا ،روڈ پر گاڑیاں پارک کرنے سے شہری عذاب میں، ٹریفک جام میں پھنسنے والے لوگوں کے درمیان جھگڑے معمول بن گئے، ٹریفک پولیس کچھ کرنے کو تیار نہیں، دکاندار بھی پریشان۔ جیکب آباد میں ٹریفک جام کا عذاب بڑھ گیا ہے، شہر کے اہم قائد اعظم روڈ ،اولڈ میونسپل روڈ پر گاڑیوں کی پارکنگ کو ٹریفک پولیس ختم نہیں کراسکی ہے روڈ پر پارکنگ سے مذکورہ روڈوں سمیت شہر میں ٹریفک جام ہو جاتا ہے اور شہری ٹریفک جام میں پھنس جاتے ہیں جس کے باعث جھگڑے بھی اب معمول بنتے جارہے ہیں، چوراہوں پر تعینات ٹریفک پولیس اہلکار کچھ کرنے کو تیار نہیں، روڈ بند ہونے کی وجہ سے دکاندار بھی سخت پریشان ہیں، پیدل چلنا بھی دشوار ہو جاتا ہے دور دراز سے لائے گئے مریضوں کی اسپتال رسائی مشکل ہو جاتی ہے جبکہ کسی ایمرجنسی میں بھی گاڑیوں کو راستہ نہیں ملتا۔ عبید علی، شاہنواز، ضیا، خلیل اور دیگر شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ روڈ پر گاڑیوں کی پارکنگ کو روکا جائے اور ٹریفک پولیس کو متحرک کیا جائے۔ ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کرایا جائے تو شہری ٹریفک جام کے عذاب سے نجات حاصل کر سکتے ہیں۔