ٹنڈو آدم : دوران ڈکیتی فائرنگ ، باڑ کا مالک جاں بحق ، بیٹا زخمی

114

 

ٹنڈو آدم (نمائندہ جسارت) رات کی تاریکی میں مسلح ڈاکوؤں کی جانب سے ڈکیتی کی واردات ناکام ہونے پر فائرنگ، 60 سالہ باڑے کا مالک جاں بحق، نوجوان زخمی، واقعہ تھانہ بی سیکشن کی حدود رزاق ٹاؤن میں پیش آیا۔ واقعے کیخلاف شہریوں کا شدید احتجاج۔ ٹنڈو آدم تھانہ بی سیکشن کی حدود جوہر آباد بنگلہ روڈ پر واقعہ رزاق ٹاؤن میں گزشتہ رات چار مسلح ڈاکوؤں نے بھینسوں کے باڑے کے مالک 60 سالہ خالد محمود عرف لیلا راجپوت اور اس کے جواں سالہ بیٹے عرفان راجپوت کو فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا، جنہیں زخمی حالت میں تعلقہ اسپتال روانہ کیا گیا، جہاں 60 سالہ شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، جبکہ زخمی نوجوان کو تعلقہ اسپتال میں طبی سہولیات نہ ہونے کے سبب حیدر آباد روانہ کردیا گیا۔ بعد ازاں تشویشناک حالت میں کراچی ریفر کردیا گیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق متوفی کو سینے میں گولی لگی اور نوجوان کے ہاتھ میں گولی لگی تھی، جس کے سبب اس کا خون بند نہیں ہورہا تھا، جس کی وجہ سے اسے حیدر آباد ریفر کیا گیا ہے۔ علاقہ مکینوں کے مطابق مسلح ڈاکو تین سے چار ملزمان پر مشتمل تھے، جو رات کی تاریکی میں رزاق ٹاؤن میں ڈکیتی کے ارادے سے آئے تھے، تاہم باڑہ مالک کے شور مچانے اور ڈاکوؤں سے مزاحمت کے نتیجے میں مسلح ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ واقعے کی اطلاع متعلقہ پولیس کو دی گئی، جس نے جائے وقوع پر پہنچ کر ابتدائی کارروائی شروع کردی۔ دوسری جانب واقعے کیخلاف شہریوں اور سماجی حلقوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے پولیس کی کارگردگی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ کافی عرصے سے ٹنڈو آدم شہر چور اور ڈاکوؤں کے رحم کرم پر ہے اور پولیس کی مبینہ خاموشی کی بنا پر روزانہ کی بنیاد پر چوری و ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رات میں گشت پر مامور پولیس اہلکار واقعے کے ذمے دار ہیں، جن کی غفلت کے سبب مذکورہ واقعہ پیش آیا ہے۔ انہوں نے ارباب اختیار سے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔