کورونا وائرس سے بچانے کیلیے شہریوں کی خدمت میں پیش پیش ہونگے ،ذکراللہ مجاہد

170

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹرذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی شہر لاہور میں جان لیوا کورونا وائرس سے شہریوں کو محفوظ بنانے کیلیے حفاظتی تدابیر کیلیے آگاہی مہم کو وارڈز اور یوسیز کی سطح پر بھر پور انداز میں چلائے گی۔ جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام چلنے والے ثریاعظیم، آمنہ جبار ہسپتال سمیت دیگر ڈسپنسریاں کوروناوائرس کی وباء سے نمٹے کے لیے شہریوں میں آگاہی مہم اور تشخیص کیلیے خدمت خلق کے کام کو سرانجام دیں گی۔ جماعت اسلامی اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے ہمیشہ کی طرح مصیبت کی گھڑی میں کورونا وائرس سے بچانے کیلیے شہریان لاہور کی خدمت میں پیش پیش ہوگی۔اس حوالے سے کل بروز جمعتہ المبارک بعد نماز عصر مال روڈ پر شہریوں کو کورونا وائرس کی تشخیص اور آگاہی کیلیے الخدمت لیب اور ثریا عظیم ہسپتال کے تعاون سے بڑا کیمپ لگایاجارہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی لاہور کے عہدیداران کو شہر بھر میں شروع ہونے والی کورونا وائرس آگاہی مہم کے حوالے سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹرذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ حکمران مشکل وقت میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی بجائے ان کی مشکلات میں اضافے کا سبب بن رہے ہیں۔عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں تاریخ کی کم ترین سطح پر ہونے کے باوجود ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہیں کی گئی جس پرپوری قوم کو تشویش ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ پیٹرولیم مصنوعات میں عالمی منڈی کے تناسب سے فی لیٹر پٹرول کی قیمت میں کم ازکم 50 روپے کمی کا اعلان کرے۔نا اہل حکمرانوں کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے ملک سے بحرانوںشکار تھا جبکہ کہ کورونا وائرس کی وباء نے اس میںمزید اضافہ کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کا کورونا وائرس کے حوالے سے قوم سے خطاب مایوس کن تھا اس خطاب کے بعد پوری قوم میں خوف وہراس کی فضاء پھیل گئی ہے۔ ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کی وباء کی وجہ سے ملکی معیشت تباہی کے موڑ پر آگئی ہے۔ مہنگائی کی شرح ملک کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے ۔مزدور طبقہ دووقت کی روٹی کیلیے پریشان ہے جبکہ کورونا وائرس کی حفاظتی تدابیر کیلیے استعمال ہونے والی اشیائکورونا اینٹی صابن، فیس ماسک، سینی ٹائزر کی قیمتیں کئی سو گنا بڑھ چکی ہے اور ان کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلیے حکومت مکمل ناکام نظر آرہی ہے۔ امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹرذکر اللہ مجاہد نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کرونا وائرس سے بچائو کیلیے مارکیٹ میں فیس ماسک، سینی ٹائزر کی وافر فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور شہر کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کیلیے ابھی سے وارڈز اور علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی جائیں۔ بعدازں امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹرذکر اللہ مجاہد نے کل مال روڈ پر کورونا وائرس آگاہی اور تشخیص کیلیے لگنے والے کیمپ میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کو شرکت کی دعوت دی ہے کہ وہ اس مشکل گھڑی میں شہریان لاہور کے ساتھ یکجہتی کا پیغام دیں۔