وزیراعظم ڈیم فنڈ کو کورونا فنڈز میں تبدیل کردیں،شرجیل میمن

131

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) سابق صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ و رکن سندھ اسمبلی شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ وزیراعظم ڈیم فنڈز کو کوروانا فنڈز میں تبدیل کردیں، موجودہ حالات میں سیاسی پوائنٹ اسکورننگ نہیں ہونی چاہیے، مل کر کورونا وبا سے نمٹنے کیلیے اقدامات کرنے ہوں گے، کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے مربوط رابطے کو یقینی بنایا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہباز ہال حیدرآباد میں ضلعی انتظامیہ حیدرآباد کے متعلقہ افسران سے اجلاس کی صدارت اور بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اس وقت کوروناوائرس کو لے کر جو سنجیدگی سندھ حکومت اور وزیر اعلیٰ سندھ دکھا رہے ہیں، وہی سنجیدگی دیگر صوبے اور وفاق کو بھی دکھانی چاہیے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ یہ وقت نہیں کہ ہم کسی قسم کی کوئی سیاسی
پوائنٹ اسکورننگ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مل کر اور یکجہتی کے ساتھ اس وبا سے نمٹنے کے لیے اقدامات کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت جو صورتحال کورونا وائرس کو لے کر ملک میں ہے میں وزیراعظم کو مشورہ دوں گا کہ وہ ڈیم فنڈ کے پیسوں کو کورونا فنڈ میں تبدیل کردیں تاکہ ہم اس صورتحال سے نبردآزما ہوسکیں۔ قبل ازیں کورونا وائرس کے حوالے سے وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے ضلع حیدرآباد کے لیے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے انتظامات اور احتیاطی اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے سابق صوبائی وزیر و رکن سندھ اسمبلی شرجیل انعام میمن نے شہباز ہال حیدرآباد میں ضلعی انتظامیہ حیدرآباد کے متعلقہ افسران سے اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پر انہوں ہدایت کی کہ کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے مربوط رابطے کو یقینی بنائیں جائیں کیونکہ یہ انسانی زندگی کا مسئلہ ہے اور کسی بھی افسر کی تھوڑی سی غفلت کی وجہ سے نقصان ہو سکتا ہے۔ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حیدرآباد میں صورتحال کافی بہتر ہے اور لمس اسپتال حیدرآباد میں موجود کورونا وائرس میں مبتلا مریض کی حالت بہتر ہے لیکن اگر کسی بھی دوسرے شہر میں کورونا کے مریض بڑھتے ہیں تو انہیں علاج کی سہولیات دینے کے لیے مکمل تیاریاں کی جائیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر حیدرآباد عائشہ ابڑو نے بتایا کہ ٹنڈو محمد خان روڈ پر محکمہ لیبرکے 1504فلیٹوں میں قرنطینہ مرکز بنایا گیا ہے جہاں 3000 بستروں کی سہولت موجود ہے۔