ریستوران، میڈیکل و جنرل اسٹورز بند کروانا خلاف قانون ہے

156

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈڑز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر دولت رام لوہانہ نے ضلعی انتظامیہ خصوصاً ڈپٹی کمشنر حیدرآبادعائشہ ابڑو اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس حیدرآباد عدیل حسین چانڈیو سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے ماتحت افسران، عملے اور پولیس کو پابندکریں کہ حکومت سندھ محکمہ داخلہ کے حکم پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور اس میں دیے گئے احکامات کی پابندی کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے صرف ہوٹل کی حدود میں کھانا کھلانا ممنوع قرار دیا ہے۔ ریسٹوران سے اگر صارفین کھانا گھر لے جانا چاہیں یا ہوم ڈلیوری کے ذریعے خوراک /کھانا سپلائی کرسکتے ہیں۔ علاوہ ازیں شاپنگ مالز میں میڈیکل، جنرل اورکریانہ اسٹورز بھی کھلے رہیں گے لیکن چیمبر میں شکایات موصول ہورہی ہیں کہ پولیس دکانوںپر بھی پابندی عاید کررہی ہے اور بزور ایسی دُکانوں، ریسٹوران کو بند کرارہی ہے جس سے کاروباری طبقہ اور عوام پریشانی کا سامنا کررہے ہیں۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی حیدرآبادسے مطالبہ کیا کہ وہ محکمہ داخلہ حکومت سندھ کے احکامات پر اپنے ماتحت عملے سے مکمل عملدرآمد کرائیں تاکہ تاجر برادری کو دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے اور عوام بنیادی ضروری سہولیات سے محروم نہ ہوں۔