کورونا کا مقابلہ کرسکتے ہیں،وفاق اپنی سوچ میں تبدیلی لائے ،بلاول

151

کراچی (نمائندہ جسارت ) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ کورونا سے ڈرنے کی نہیں اس سے لڑنے کی ضرورت ہے،یہ وقت حکومت پر تنقید کا نہیں اس کے ساتھ کھڑے ہونے کا ہے، ہمارا وزیر اعظم اور پورا پاکستان اس وائرس کا مقابلہ کرسکتا ہے،امید ہے کہ وفاقی حکومت قیادت کرتے ہوئے تمام صوبوں کو ساتھ لے کرچلے گی۔انہوں نے یہ بات جمعرات کی شام سندھ اسمبلی بلڈنگ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔اس موقع وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو،وزیر محنت سعید غنی اور حکومت سندھ کے ترجمان مرتضیٰ وہاب بھی موجود تھے۔بلاول نے کہا کہ اس وبا کے خلاف ہمیں سماجی رابطوں میں فاصلہ پیداکرناہے، وزیراعلیٰ کی ٹیم کورونا وائرس کے تدارک کے لیے کام کررہی ہے،ہمارا ایمان ہے کہ اللہ تعالیٰ انسانوں پراتنا بوجھ
ڈالتاہے جتنا وہ برداشت کرسکتے ہیں۔کوروناجان لیواخطرہ ہے عام فلو نہیں ، یہ بیماری ہر فرد کو متاثر کرسکتی ہے ،کورونا سے مرنے والے زیادہ عمر کے افراد نہیں تھے ، خوف پھیلانے اور گھبرانے کی ضرورت نہیں،سندھ میں کوروناوائرس کی سب سے زیادہ ٹیسٹنگ اوراسکریننگ کی گئی ، بیرون ملک سے آنے والے افراد کی فہرست حاصل کی،ایران سے آنیوالے افراد کو قرنطینہ کرایاگیا۔ہم کوروناوائرس کے کمیونٹی میں پھیلنے کے مرحلے میںداخل ہوچکے ہیں، بیرون ملک سے آنیوالے افراد سے ملنے والے لوگوں میں بھی کوروناپازیٹورپورٹ ہوا،تفتان کوارنٹائن سے آنیوالے تمام افراد کو الگ رکھاگیا لیکن بدقسمتی سے ان افراد کے ٹیسٹ نہیں کیے گئے، پورے ملک سے اپیل کروں گا وہ آئسولیشن کی کوشش کریں۔ہم پورے ملک میں ایک ساتھ اقدامات اٹھائیں تو کوروناکو پھیلنے سے روکاجاسکتاہے۔برطانیہ میںوزیراعظم فرنٹ سے لیڈ کررہے ہیں،پاکستان میں بھی ہمیں ایسا کرنا ہوگا۔ بلاول نے کہا کہ کراچی میں بڑا فیلڈ اسپتال بنایا جائیگا ابھی سے فیلڈ اسپتال کی تیاری کررہے ہیں،ہم چاہتے ہیں کہ پورے ملک میںلاک ڈاون ہو،کوشش کریں کہ اس طرح جو کچھ کیاجاسکتاہے کریں۔انہوں نے کہا کہ ہم کہہ رہے ہیں کہ اگلے پندرہ روز گھر میں رہنا پڑیگا۔ سندھ حکومت تمام غریب عوام کے گھر وںتک راشن کھانا پہنچائے گی ،سندھ حکومت یقینی بنائے کہ کوئی یومیہ اجرت پر کام کرنیوالا بیروزگارنہ ہو،قانون کے مطابق مالکان کو پوری تنخواہ ملازمین کو دیناہوگی ،سندھ حکومت مالکان کوبعد میں متبادل دیگی۔انہوں نے خبردار کیا کہ کورونا کے سبب معیشت پر اثر ہوناہے ، معیشت کو بچانے کے لیے وفاقی حکومت کو ٹھوس اقدامات کرنا ہونگے۔ کوروناوائرس سے نکلنے کے بعد بھی اربوں روپے بحالی کے لیے درکار ہوں گے۔فرانس امریکا میںشرح سود کم کردی گئی کوروناوائرس کے تدارک کے لیے بھرپور سرمایہ کاری کرناہوگی۔انہوں نے ارکان اسمبلی سے کہا کہ وہ لوگوں کو آگاہی دیں ، ڈاکٹرز اور نیم طبی عملے کے شکرگزار ہیں جو دن و رات کام کررہاہے۔