ضلعی حکومت، محکمہ داخلہ حکومت سندھ کے احکام پر مکمل عملدرآمد کرے

118

حیدرآباد (کامرس ڈیسک) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈڑز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر دولت رام لوہانہ نے ضلعی انتظامیہ خصوصاً ڈپٹی کمشنر حیدرآباد محترمہ عائشہ ابڑو اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس حیدرآباد عدیل حسین چانڈیو سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے ماتحت افسران، عملے اور پولیس کو پابند کریں کہ حکومت سندھ محکمہ داخلہ کے حکم نمبر SO(Jud-I)HD/8-1(04)2020، مورخہ 17، مارچ 2020ء؁ پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور اُس میں دیے گئے احکام کی پابندی کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے ہوٹلیں بند کرنے اور کاروبار معطل کرنا صرف ہوٹل کی حدود میں کھانا کھلانا ممنوع قرار دیا ہے۔ ریسٹورنٹس اگر صارفین کھانا گھر لے جانا چاہیں یا ہوم ڈیلوری کے ذریعے خوراک /کھانا سپلائی کرسکتے ہیں۔ علاوہ ازیں شاپنگ مالز میں میڈیکل، جنرل اسٹور، کریانہ اسٹورز بھی کھلے رہیں گے۔ لیکن چیمبر میں شکایات موصول ہورہی ہیں کہ پولیس اُن چیزوں پر بھی پابندی عائد کررہی ہے اور بزور ایسی دُکانوں، ریسٹورنٹس کو بند کرارہی ہے جس سے کاروباری طبقہ اور عوام پریشانی کا سامنا کررہے ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ گڈس ٹرانسپورٹ بھی ضروریات زندگی (خوراک وغیرہ) اور ادویات ایک شہر سے دوسرے شہر لے جاسکتے ہیں۔ اُنہوں نے ڈپٹی کمشنر اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سے مطالبہ کیا کہ وہ محکمہ داخلہ حکومت سندھ کے احکام پر اپنے ماتحت عملے سے مکمل عملدرآمد کرائیں تاکہ بزنس کمیونٹی کو دُشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے اور عوام بنیادی ضروری سہولیات سے محروم نہ ہوں۔