اناج مارکیٹ کے تاجروں کی کورونا وائرس سے بچائو کیلئے طبی اقدامات کی اپیل

172

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن ( کے ڈبلیو جی اے ) کے سرپرست اعلیٰ انیس مجید اور چیئرمین ملک ذوالفقار علی نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے اقدامات کو سراہتے ہوئے تاجروں کی جانب سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے اور سندھ حکومت کے احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے عوام کو غذائی اشیاء کی بلارکاوٹ فراہمی یقینی بنانے کے لیے اناج مارکیٹ معمول کے مطابق کھلی رکھی ہوئی ہے تاہم حکومت سے اناج مارکیٹ میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے طبی اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔ کمشنر کراچی کو ارسال کیے گئے خط میں کی گئی اپیل میں کہا گیا ہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے عوام کو اناج کی بلارکاوٹ فراہمی کے اقدامات خوش آئند ہیں لہٰذا ن انا ج مارکیٹ کے تاجر بھی عوام کو آٹا، چینی دالیں،چاول سمیت دیگر اشیاء کی وافر مقدار میں فراہمی یقینی بنارہے ہیں لیکن ہماری یہ گذارش ہے کہ کرونا وائرس اناج مارکیٹ کے تاجروں، دکانداروں اور مزدوروں کو بھی متاثر کرسکتا ہے لہٰذا احتیاطی تدابیر کے طور پر اناج مارکیٹ کھولنے والے تاجروں، دکانداروں، مزدوروں اور خریداروں کوکورونا وائرس سے محفوظ بنانے کے لیے طبی اقدامات کیے جائیں۔ انیس مجید اور ملک ذوالفقار علی کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے تاجروں، مزدوروں کو بچانے کے لیے اناج مارکیٹ میں اسپرے کیا جائے اور ماسک و سینی ٹائزر فراہم کیے جائیں تاکہ تاجروں، دکانداروں اور مزدوروںکا وائرس سے بچاؤ ممکن ہوسکے۔انہوں نے خط میں کمشنر کراچی سے اناج مارکیٹ میں ڈاکٹر زکی ٹیم متعین کرنے ،وائرس کی تشخیص کے لیے آلات فراہم کرنے اوراناج مارکیٹ میں صفائی ستھرائی یقینی بنانے کی درخواست بھی کی تاکہ وائرس پھیلنے کے خدشات کو کم سے کم کیاجاسکے۔