بلڈرز ،ڈیولپرز اور تاجر برادری میں احساس تحفظ پیدا ہوگیا

184

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز(آباد) کے سینیئر وائس چیئرمین سہیل ورند نے کراچی کے پوش علاقے سے بسمہ اور دعا منگی کے اغوا برائے تاوان کے کیس میں 2 ملزمان کی گرفتاری پر سی سی پی او کراچی ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس غلام نبی میمن کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہائی پروفائل کیس حل کرنے سے کراچی کے بلڈرز ،ڈیولپرز اور تاجر برادری میں احساس تحفظ پیدا ہوگیا ہے۔سہیل ورند نے کہا کہ کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن کے چارج سنبھالنے کے بعد کراچی میں جرائم کی شرح میں کمی آئی ہے جس پر کراچی کے بلڈرز انھیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔سہیل ورند نے کہا کہ سندھ پولیس بالخصوص کراچی پولیس کی شہر میں امن وامان بحال کرنے میں لازوال قربانیاں ہیں۔کراچی پرایسا وقت بھی آیا تھا جب یہاں کے بلڈرز اور ڈیولپرز اپنے پروجیکٹس کی سائٹس پر جانے سے بھی خوف کھاتے تھے تاہم کراچی کی بہادر پولیس کے ہزاروں اہلکاروں کی قربانیوں کے نتیجے آج بلڈرز اور ڈیولپرز بلا خوف و خطر اپنا کاروبار کررہے ہیں ۔سہیل ورند نے سی سی پی او کراچی کو یقین دہانی کرائی کہ بلڈرز اور ڈیولپرز شہر میں امن وامان قائم کرنے کے لیے سندھ پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے۔