کورونا سے نمٹنے پر صوبائی حکومتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، فردوس عاشق

85

 

اسلام آباد(نمائندہ جسارت)معاون خصوصی اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے معاملے پر تمام اسٹیک ہولڈرز متحرک ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر اور معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کے ساتھ میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے تمام صوبائی حکومتیں دن رات محنت سے کام کر رہی ہیں جن پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔وزیر اعظم عمران خان
کورونا وائرس کی صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت کی ترجیح ہے کمزور طبقے کو کیسے سہارا دیا جائے، کوشش ہے کہ محنت کشوںکیلیے اقدامات اٹھائیں، اس سلسلے میں تین نکات پر کام کیا جارہا ہے، کمیٹی مالی امور سے متعلق پیکج وزیر اعظم کو پیش کرے گی، مٹھی بھر عناصر ایسی صورتحال کا فائدہ اٹھانے کے لیے ذخیرہ اندوزی کا سہارا لیتے ہیں، وزیر اعظم نے ایسے گروہوں کے خلاف کارروائی کے لیے صوبائی حکومتوں کو ہدایت کردی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنی ذمہ داری میں کوئی کوتاہی نہیں کی، وزیر اعظم نے پیغام دیا کہ ہم نے کورونا وائرس کا مل کر مقابلہ کرنا ہے اور کسی قسم کی کوتاہی یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی، عوام کو بار بار تاکید کی جا رہی ہے کہ پرہجوم اجتماعات میں نہ جائیں۔ پاکستان میں خوراک کی کمی نہیں اس لیے عوام غیر ضروری چیزیں ذخیرہ کرنے سے اجتناب کریں۔ان کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہی ہیں اور سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول کا پلیٹ فارم بنایا گیا ہے۔معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ176 ممالک میں کورونا وائرس کے مریض رپورٹ ہو چکے ہیں جو تشویشناک امر ہے اور دنیا میں کورونا وائرس سے متاثر مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 20 ہزار ہے، تاہم مشکل صورتحال میں قوم متحد ہے اور جب بھی پاکستان پر کوئی مشکل پڑی عوام نے بھرپور ساتھ دیا۔انہوں نے کہا کہ چین نے جس طرح اس وبا پر قابو پایا اس کی مثال نہیں ملتی، صدر مملکت کے دورہ چین کے دوران صحت کے شعبے میں بہتری پر بات ہوئی، آئندہ چند روز میں چینی ماہرین کے ساتھ وڈیو کانفرنسز شروع کر رہے ہیں۔ڈاکٹر ظفر مرزا نے پاکستان میں کورونا وائرس کے 326 مریضوں اور 2 اموات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اب نیشنل ڈیش بورڈ بن گیا ہے جس سے صورتحال کا جائزہ لیا جاسکتا ہے۔انہوں نے عوام سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ مصافحہ کرنے اور گلے ملنے سے پرہیز کیا جائے، اسپتالوں میں بلا ضرورت نہ جائیں اور بوقت ضرورت مریض کے ساتھ ایک شخص او پی ڈی میں جائے۔