رجوع الی اللہ مہم ، جماعت اسلامی کا آج یوم دعا توبہ و استغفار منا نے کا اعلان

698

 

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیروسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے آج کوروناوائرس سے حفاظت کے لیے سندھ بھرمیں جماعت اسلامی کے تحت یوم دعا توبہ واستغفار رجوع الی اللہ منانے کااعلان کرتے ہوئے علما کرام سے اپیل کی ہے کہ وہ خطبات جمعہ میں کورونا وائرس سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیربیان کرنے
کے ساتھ لوگوں کو اپنے گناہوں کی معافی اورجوع الی اللہ کی طرف متوجہ کریں۔ انہوں نے علما وخطبا کے نام جاری اپنے خط میں کہاکہ آج کورونا وائرس سے پوری دنیا پریشان ہے،عالمی معیشت متاثر ہوچکی ہے،عالمی طور پر انتہائی ہنگامی صورت حال ہے جس نے پوری دنیاکے شب وروز کواتھل پتھل کردیا ہے۔بازار سنسان ہیں ،تعلیمی اداروں کو بند کردیا گیا ہے اور معیشت کا پہیہ رک چکاہے ، امیر ممالک تو کسی نہ کسی طرح اس صورتحال کو برداشت کررہے ہیں لیکن معاشی طور پر غیر مستحکم ممالک میں اس کے اثرات نہایت برے ہیں۔پاکستان بھی ان میں شامل ہے۔الحمد اللہ !ابھی پاکستان میں صورتحال کنٹرول میں ہے لیکن اس کے باوجود مزدور پیشہ طبقہ خاص طور پردیہاڑی دار روزکماکر کھانے والے اور اساتذہ خاص طور پر متاثر ہیں۔اس صورتحال میں عوامی رہنمائی کی ضرورت ہے ،عوام میں تشویش ہے ،دین اور رب العزت سے دوری کے باعث خوف میں مبتلا ہیں اسی خوف کے باعث ہر ایک پریشان ہے۔الحمد اللہ ! آپ رہنمائی کے منصب پر فائز ہیں ،لوگوں کا مرجع ہیں خاص طور پر پریشانی کے عالم میں عوام الناس آپ کی طرف رخ کرتے ہیں لہٰذا ایسے عالم میں ان کے خوف کو دور کرنے ،پریشانی کو رفع کرنے کے لیے ضروری ہے کہ انہیں اللہ سے جوڑا جائے ،دین کی طرف موڑا جائے اور تعلیمات نبویؐ کی جانب راغب کیا جائے۔آپ یہ کام پہلے سے کررہے ہیں اور یہی آپ کی زندگی کا مشن ہے لیکن ان حالا ت میں آپ کا فرض منصبی اور بڑھ گیا ہے اس صورت حال میں رجوع الی الدین کے لیے کوشاں ہونا انتہائی ضروری ہے۔اس موقع پر عوامی رہنمائی مہیا کرکے ان کے دلوں کو دین کے لیے مزید نرم کرسکتے ہیں۔محمد حسین محنتی نے کورونا وائرس سے بچائو کے لیے 4تجاویز پیش کیں ،اول ،اللہ کی طرف پلٹیں ،شفا و مرض اسی کے ہاتھ میں ہے موت و زندگی کا مالک اللہ ہے اس کورونا وائرس سے بھی اس نے سیکڑوں لوگوں کو شفا دی ہے۔دوم ،صفائی ستھرائی کا خیال رکھیں ،پاکیزگی اسلام کا اہم فریضہ ہے ،اللہ اپنے پاس آنے والوں پر وضو کو لازم کرتا ہے۔کورونا کا بچاؤ صفائی و پاکیزگی سے ممکن ہے۔ ہم اسلام کی اس ہدایت پر عمل کرکے خود کو محفوظ بھی کرسکتے ہیں اور اجر بھی حاصل کرسکتے ہیں۔سوم ،یہ فتنوں کا دور ہے کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ یہ بیماری بھی ایک طرح سے پیدا کی گئی ہے تاکہ کچھ ملکوں کو نقصان پہنچایا جائے۔اس قسم کے فتنوں سے حفاظت صرف اللہ تعالیٰ کی ذات ہی کرسکتی ہے کیوں کہ اسلام سب کے لیے خیر چاہتا ہے۔چہارم،غلبہ اسلام اور نفاذ اسلام کے ذریعے ہی ہم دور حاضر کے فتنوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں خاص طور پر ان فتنوں سے جو امت مسلمہ کے لیے برپا کیے جارہے ہیں۔صوبائی امیر نے امید ظاہر کی علما کرام ان نکات کو اپنی تقاریر و مواعظ کا حصہ بناکر عوامی رہنمائی کا فریضہ مؤثر طور پر ادا کریں گے۔